|
’قوم دینی تقاضوںپر سیاسی لالچوں سے گریز کرے‘
02.12.2009, 07:02pm , بدھ (GMT+1)
لائق علی
یوتھ علی کانگریس نے تنظیم علی کانگریس کی خواتین شاخ دختران زینبی کی تشکیل نو اور اسکے پروگراموں کی بھرپور حمایت کرتے ہوئے قومی بہنوںسے اپیل کی ہے کہ الحاج مرزاجاوید مرتضی مرحوم کے ایسال ثواب کے لئے دختران زینبی کی جانب سے ۳ دسمبر ۹۰۰۲ءکو امامباڑہ ڈپٹی عظیم،وزیر گنج میں منعقد ہونے والے تعزیتی جلسہ و مجلس عزا میں شرکت کریں۔یوتھ علی کانگریس کے بیان میں کہا گیا ہے کہ جاوید مرتضی نے جبر و استبداد اور قوم کے بد عنوان مولویوں و اداروں کے خلاف جس ہمت و جرات سے مورچہ لیا تھا،ہمارے لئے ضروری ہے کہ ان اصولوں اور تحریکوں کو جاری و ساری رکھیں۔
الحاج مرزاجاوید مرتضی تحریک دین فہمی، تحریک تحفظ اوقاف اور عزاداری کے ہر معاملے میں قوم کے لئے مشعل راہ بنے رہے اور انہوں نے کبھی حق پرباطل کو ترجیح نہیں دی۔ جاوید مرتضی نے اوقاف خوروں اور انکے پشت پناہ علماءسو کی ہمیشہ مخالفت کی اور علماءبر حق کے کاموں میں شانہ بہ شانہ رہے۔یوتھ علی کانگریس نے ان تمام افراد سے ایسے پروگراموں میں شرکت کرنے کی اپیل کی ہے جو قوم کی سر بلندی اور فاسد عناصر کے خلاف منعقد کئے جا رہے ہیں۔
قوم کو یہ ذہن نشین کرلینا چاہئے کہ اگر دین کے حقوق کی سچی اور کھری لڑائی نہیں لڑی گئی تو،جبر و استبداد اپنے پنجے پھیلائے موقع کی تاک میں بیٹھا ہے۔ہمارے قومی اداروں اور تنظیموں کو سرکاری درباروں میں کھڑاکرنے اور حکومتوں سے فیض یاب ہونے کا جو سلسلہ شروع کیاگیا ہے وہ انتہائی افسوس ناک،شرم ناک اور قابل مذمت ہے۔ امام مظلوم کے نام پراور اوقاف کی املاک کی سودے بازی کرکے حکومتوں سے فوائد حاصل کرنا اور حق کے علمبرداروں کو کبھی سرکاری تو کبھی پولیسیہ سختی سے روبرو کرانا قابل مذمت ہے۔
اسلئے وقت کا اہم ترین تقاضہ ہے کہ قومی معاملات میں قوم آنکھیں بند کر کے قیادت کے احکامات پر عمل پیرا نہ ہو۔ قیادت نے بار بار سرکاری حکام سے ذاتی فائدہ اٹھایا ہے۔قوم کی بربادی اور سر خروئی کے لئے ضروری ہے کہ ہم اپنی آنکھیں اور کان کھلے رکھیں۔یوتھ علی کانگریس نے قوم سے اپیل کی ہے کہ بابری مسجد کی شہادت کی برسی کے موقع پر پر امن رہتے ہوئے یوم غم منائیں تاکہ عبادت گاہوں کی تباہی کرنے والوں کو یہ معلوم ہو سکے کہ زندہ قومیں اپنی ذلت و رسوائی کو کبھی فراموش نہیں کرتی ہیں۔
|