لندن کے شہرسلاؤ میں ایشین میوزیکل کورڈز کی شام غزل 02.03.2010, 01:22am , منگل (GMT+1)
عالمی اخبار ثقافتی رپورٹر
گزشتہ دنوں لندن کے شہر سلاؤ کے ‘‘سو ایشیا ریسٹورینٹ‘‘ میں موسیقی کی ایک یادگار شام ہوئی جسمیں برطانیہ سمیت یورپ اور امریکہ کے مختلف شہروں میں اپنی گائیکی کامظاہرہ کرنے والے گلوکار آصف رضا نے تین گھنٹے تک نوے فیصد غزلیں سنا کر حاضرین و سامعین کو مسحور کیئے رکھا۔
عارف کھوکھر
اس تقریب کا اہتمام ایشین میوزیکل کورڈز کے روح رواں عارف کھوکھر اور انکی اہلیہ آستر کھوکھر نے کیا تھا جو اس سے قبل بھی ایسی ہی کامیاب تقاریب کروا چکی ہیں۔
اس شام غزل کے شائقین مشرقی لندن کے دوردراز علاقے سے بھی مسافت طے کر کے سلاؤ پہنچے تھے۔ سو ایشیا ریستورینٹ کے ایک گوشے کو نہایت سادگی اور نفاست سے اس محفل موسیقی کے لیئے آراستہ کیا گیا تھا۔ سامعین و حاضرین آٹھ بجے شب آنا شروع ہو گئے تو میزبانوں نے انکی تواضع مشروبات اور پر تکلف عشایئے سے کی جس کے بعد باقاعدہ ‘‘شام غزل‘‘ کا آغاز ہوا۔
آستر کھوکھر
ایشین میوزیکل کورڈز کے عارف کھوکھر انے اپنے مختصر خطاب میں مہمانوں کا شکریہ ادا کیا اور اسکے بعد محفل کے باقاعدہ آغاز کے لیئے نظامت کی دعوت معروفشاعر،ادیب،مرثیہ نگار،صحافی اور محقق صفدر ھمدانی کو دی جنہوں نے شاعری میں خاص طور پر غزل کی صنف کے محاسن پر مختصر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ کوئی بھی گائی ہوئی غزل دُھن،گلوکار اور شاعر کے بغیر مکمل نہیں ہوتی جو ایک ضروری مثلچ ہے۔
صفدر ھمٰدانی نے اسی حوالے سے معروف مرحوم موسیقار بابا جی اے چشتی کی خدمات کا بھی ذکر کیا۔ انہوں نے کہا کہ ہمارا معاشرہ اس حد تک تقسیم کا قائل ہو گیا ہے کہ اب فنون لطیفہ کو بھی مذاہب اور مسالک میں بانٹا جاتا ہے۔ انہوں نے پاکستانی موسیقی میں مسیحی برادری سے تعلق رکھنے والے گلوکاروں میں خاص طور پر سلیم رضا،آئرن پروین اور اے نیئر کے علاوہ شعرا میں کنول فیروز،نذیر قیصر اور یوسف نئیر اور دانشوروں میں جوشوا فضل دین اور ماہرن قانون میں پاکستان کے پہلے وزیر قانون اے آر کارنیلئس کا تزکرہ کیا اور پھر اپنی ایک تازہ غزل سنانے کے بعد شام غزل کے لیئے اسٹیج گلوکار آصف رضا کے حوالے کیا۔
آصف رضا نے اپنی گائیکی کے مظاہرے سے قبل اپنے ساتھیوں کا تعارف کروایا۔ طبلے پر انکی سنگت عامر اقبال نے اور کی بورڈ پر فرخ شجاع نےکی اور ان دونوں فنکاروں نے آصف رضا کی گائیکی میں پوری فنکارانہ صلاحیت سے ساتھ دیکر حاضرین سے خوب داد وصول کی۔
اس شام موسیقی کی سب سے بڑی خصوصیت یہ تھی کہ سوائے دو یا تین گیتوں کے علاوہ تین گھنٹے تک حاضرین نے غزلوں کی ہی فرامائشیں کی اور آصف رضا نے خاص طور پر استاد شاعر احسان دانش کی غزل ‘‘ ساتھ چل موج صبا ہو جیسے‘‘ اور پروین شاکر کی غزل ‘‘ کو بکو پھیل گئی بات شناسائی کی‘‘ پر حاضرین سے داد لی۔
آصف رضا کی گائیکی کے حوالے سے صفدر ھمدانی نے اپنی گفتگوکے دوران جو یہ ذکر کیا تھا کہ آصف رضا معروف استاد گلوکاروں کی غزلوں کی بھی ہو بہو کاپی نہیں کرتا بلکہ اپنی جدت اور اختراع بھی ان میں شامل کرتا ہے،اسکا مظاہرہ انکی گائیکی میں خوب خوب نظر آیا۔
اس طرح تین گھنٹے تک جاری رہنے والی یہ محفل غزل نصف شب کے بعد اختتام کو پہنچی تو میزبانوں ایشین میوزیکل کورڈز کے عارف کھوکھر اور انکی اہلیہ آستر کھوکھر نے ہر ایک مہمان کو شکریے کے ساتھ رخصت کیا۔
عالمی اخبار کے ادارتی عملے میں مختلف عالمی اداروں کے اپنے اپنے شعبے کے
ماہرین شامل ہیں اور اس اخبار میں خبروں،تبصروں اور کالموں کے علاوہ ہر موضوع اور
ہر کسی کے لیئے مواد موجود ہے۔ عالمی اخبار کی پالیسی صاف ستھری ،آزادانہ اور
بے لاگ صحافت ہے۔ . رابطہ ٹیلی فون: لندن447796515479+ ، آسٹریلیا
61425201035+ ، ای میل:
رابطہ@عالمی
اخبار۔کوم۔ جملہ حقوق بحق عالمی اخبار۔کوم محفوظ ہیں