ریڈیو پاکستان کے سابق کنٹرولر سید حسن ذکی کاظمی یہاں لندن کے ایک ہسپتال میں ہفتہ 30 اکتوبر 2010 کو 78 برس کی عمر میں دل کا دورہ پڑنے سے انتقال کر گئے انہیں اتوار کی سہ پہر لندن میں ہی سپرد خاک کر دیا گیا
انکی تجہیز و تکفین سٹین مور کی امامبارگاہ میں اتوار اکتیس اکتوبر کو
ہوئی جسکے بعد سوگواروں کی موجودگی میں انہیں مقامی قبرستان میں سپرد خاک کر دیا گیا۔
نماز جنازہ سٹین مور کی امام بارگاہ میں اتوار کو نماز ظہرین کے بعد مولانا ذوالقدر کی اقتدا میں
ادا کی گئی جس میں بڑی تعداد میں مرحوم کے دوستوں،احباب اور مومنین نے شرکت کی اور اسموقع پر انکے بھائی خلیق کاظمی اور بیٹوں ہمایوں کاظمی اور رضا کاظمی سے اظہار افسوس کیا۔
سید حسن ذکی کاظمی کی مجلس سوئم منگل دو نومبر کو شام 7 بجے باب المرآد سڈ بری لندن میں منعقد ہو گی۔

یا د رہے کہ مرحوم سید حسن ذکی کاظمی بی سی سی آئی کے سابق اعلیٰ اہل کار خلیق کاظمی کے بڑے بھائی اور ماہ پارہ صفدر کے ماموں تھے اور ریڈیو پاکستان کے مختلف اسٹیشنوں پر خدمات سر انجام دینے کے علاوہ ایک طویل عرصہ بی بی سی اردو سروس لندن میں بھی گزار چکے تھے۔ بی بی سی لنددن میں وہ دو مرتبہ تین تین سال کے لیے خدمات سر انجام دیتے رہے۔ پہلی مرتبہ 1969 سے 1972 تک اور دوسری مرتبہ 1976 سے 1979 تک۔
سید حسن ذکی کاظمی نے اپنی ریڈیو کی ملازمت کا آغاز ریڈیو پاکستان لاہور سے کیا لیکن بعد میں پشاور،کراچی،مظفر آباد اور سنیٹرل پروڈکشن کے علاوہ سینٹرل نیوز روم اور متعدد دیگر شعبوں میں بھی خدمات سر انجام دیں۔

انہوں نے پس ماندگان میں اپنی اہلیہ یاسمین کاظمی کے علاوہ دو بیٹے ہمایوں کاظمی اور رضا کاظمی کے علاوہ ایک بیٹی عصمت زیدی چھوڑی ہے جو پاکستان میں ٹی وی ڈراموں کی مقبول آرٹسٹ ہیں
حسن ذکی کاظمی ایک عرصے سے عارضہ قلب میں مبتلا تھے اور لندن میں ہی کئی برس پہلے انکا بائی پاس ہو چکا تھا۔ وہ ابھی چند ہفتے پہلے اپنی اہلیہ کے ساتھ لاہور سے لندن تشریف لائے تھے اور یہیں انہیں دل کا دورہ پڑا اور ایک مقامی ہسپتال میں اپنے خالق حقیقی سے جا ملے۔
سید حسن ذکی کاظمی کی میت پاکستان نہیں لے جائی جا رہی اور یہیں لندن میں تدفین کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
عالمی اخبار کے ادارتی عملے ،قلم کاروں اور قارئین نے مرحوم کے اہل خانہ۔انکے بھائی خلیق کاظمی انکے بیٹے ہمایوں کاظمی اور رضا کاظمی لے علاوہ انکی بھانجی ماہ پارہ صفدر سے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے دعا کی ہے کہ پروردگار انہیں جوار معصومین میں جگہ عطا کرے۔ آمین
قارئین سے درخواست ہے کہ مرحوم سید حسن ذکی کاظمی کے لیئے ایک سورہ فاتحہ تلاوت فرما دیں
 |
| انتقال سے چند روز قبل مرحوم اپنے دوستوں راشد اشرف اور ناظم زیدی کے ہمراہ |