
پاک حیدری ایسوسی ایشن ،فرینکفرٹ جرمنی میںعزاداریٔ مظلومِ کربلا کا اہتمام۶۰ کی دھائی سے کر رہی ہے۔
امسال بھی مجالسِ عشرۂ محرم ا لحرام کا اہتمام کیا گیا۔ان مجالس سے خطاب کے لئے عالمِ اسلام کے معروف،جیّد عالمِ دین شاعر،ادیب اور دانشور جناب مرزا محمد اشفاق صاحب لکھنوی انڈیا سے تشریف لائے۔
ان نورانی مجالس کے نقیب معروف شاعر سیّد اقبال حیدر تھے جنہوں نے اپنے اشعارسے بحضور سیّد ا لشہدا خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ....
فلک سے کرتا اعلان سب میں ماہِ منیر فرینکفرٹ میں ہوتی ہے مجلسِ شبیر
کرے گا سینہ زنی جو حسین کے غم میں ملے گی روزِ جزا اُس کو خُلد کی جاگیرمجالس سے خطاب کرتے ہوئے خطیب ا لعرفان مولانا مرزا محمد اشفاق صاحب نے فرمایا....اسلام ساری دنیا کوامن واتحادکی دعوت دیتا ہے۔حضور نے کانٹوں پر چل کے دین پھیلایا اور اُن کے نواسے نے برستے تیروں میں نماز ادا کر کے اسلام کو بچایا۔واقعہ کربلا ہمیں ایثار و قربانی کا درس دیتا ہے اسی لئے ہر سال ساری دنیا میں شہدا ئے کربلا کی یاد منائی جاتی ہے۔

خود غرضی،مردم آزاری ،فساد اور ظلم کو قرآن آنِ واحد کے لئے پسند نہیں کرتا۔یہی سبب ہے کہ چودہ سوبرس سے عالمِ انسانیت ماہِ محرم میں نہائت عقیدت اور احترام کے ساتھ یادِ حسین منا رہا ہے جو کہ ظلم پر مظلومیت کی فتح
کا اعلان ہے۔ بقول علّامہ اقبال
در نوائے زندگی سوز از حسین اہلِ حق حرّیت آموز از حسین
 |
| جناب مرزا محمد اشفاق صاحب لکھنوی |