عالمی اخبار کی مدیر حالات حاضرہ ماہ پارہ صفدر کے لاہور میں مقیم بڑے بہنوئی حبیب حسین مرزا کے چھوٹے بھائی مجتبیٰ حسین مرزا بہتر سال کی عمر میں طویل علالت کے بعد سوموار کے روز امریکہ کے شہر نیوجرسی میں انتقال کر گئے، انکی تدفین سوموار کو ہی بعد نماز ظہر عزیزوں دوستوں اور اقربا کی موجودگی میں کر دی گٗی۔
انااللہ و انا الیہ راجعون
مرحوم مجتبیٰ حسین مرزا کو کوئی ایک برس پہلے ڈاکٹروں نے سرطان تشخیص کیا تھا اور یہی مرض الموت ثابت ہوا
مجتبیٰ حسین مرزا لکھنؤ شیعہ کالج کے سابقہ پرنسپل عاشق حسین مرزا کے فرزند تھے اور پیشے کے اعتبار سے انجینئر تھے انہوں نے انجینئرنگ کی تعلیم این ای ڈی یونیورسٹی کراچی سے اور مزید اعلٰیٰ تعلیم برطانیہ کے امپیریل کالج آف لندن سے حاصل کی۔ وہ انیس سو نوے میں لندن سے امریکہ جا کر مقیم ہو گئے تھے جہاں انہوں نے داعی اجل کو لبیک کہا مجتبیٰ مرحوم اپنے پانچ بھائیوں میں تیسرے نمبر پر تھے اور انہوں نے پسماندگان میں اپنی اہلیہ کے علاوہ دو بیٹیاں چھوڑی ہیں۔ انکی ایک بڑی بہن اعجاز بھی امریکہ میں ہی مقیم ہیں جبکہ باقی چار بھائیوں میں سے سعید اور رضا امریکہ میں ، شاہد حسین کراچی میں اور حبیب مرزا لاہور میں مقیم ہیں
ادارہ عالمی اخبار حبیب مرزا کے علاوہ انکی بہن ، دوسرے بھائیوں،اہل خانہ اور بچوں کے علاوہ دیگر پسماندگان سے اظہار تعزیت کرتا ہے اور دعا گو ہے کہ پروردگار مرحوم کے درجات بلند کرے اور انہیں جوار معصومین میں جگہ دےہم اپنے قلم کاروں اور دنیا بھر میں قارئین سے درخواست کرتے ہیں کہ وہ مرحوم مجتبیٰ حسین ولد عاشق حسین کے لیئےسورہ فاتحہ تلاوت فرما دیں اور آج شب نماز وحشت ادا کریں