انجمن تخلیق و تہذیب کویت کی خصوصی دعوت پر لندن سے کویت کے دو ہفتے کے علمی،ادبی،دینی اور فکری دورے پر آئے عالمی اخبار کے مدیر اعلیٰ صفدر ھمدانی اتوار تئیس جون کی صبح کویت سے لندن واپس روانہ ہونے والے ہیں تا ہم انکی روانگی سے قبل انجمن تخلیق و تہذیب نے ایک منفرد الوداعی ملاقات کا اہتمام کیا ہے
کویت میں غیر ملکیوں خاص طور پر پاکستان،بھارت،بنگلہ دیش اور خطے کے دوسرے ممالک کے لوگوں کی ادبی ،دینی اور سماجی تقریبات کو اجاگر کرنے اور بیرونی دنیا سے روشناس کروانے کے لیئے طارق اقبال اور شہزاد اقبال کی ذاتی کوششوں سے قائم سی سی ٹی وی جناب صفدر ھمدانی کے خصوصی طویل انٹرویو ریکارڈ کر رہا ہے جو ادب کے علاوہ نشریاتی موضوعات پر ہیں اور جنہیں بعد ازاں اقساط کی صورت میں پیش کیا جائے گا
ادب کے موضوع پر ہونے والے ایک گھنٹے سے زائد دورانیئے کے انٹرویو کی میزبان شاعرہ ،افسانہ نگار اور انجمن تخلیق و تہذیب کویت کی بانی اور صدر شاہین رضوی ہیں جبکہ اس انٹرویو میں صفدر ھمدانی نے اپنی غیر مطبوعہ نہایت تازہ ترین غزلوں کے علاوہ اپنی طویل ترین اور نہایت ذاتی حوالے سے لکھی ہوئی نظم پہلی بار پیش کی ہے۔انہوں نے ادب کے حوالے سے ایک مفصل اور مدلل گفتگو بھی کی ہےدوسرا اہم اور طویل انٹرویو نشریات کے موضوع ہے جس میں ریڈیو پاکستان کی تاریخ، انمول یادوں اور ریڈیو کی شخصیات کے حوالے سے گفتگو ہوئی ہے جو ریڈیو پاکستان کی تاریخ کی ایک مستند دستاویز کہی جا سکتی ہے۔
اس انٹرویو کے میزبان کویت کے معروف شاعر طارق اقبال ہیں جو خود بھی نشریات کی دنیا کا ایک اہم نام ہے اور لگ بھگ ڈیڈھ عشرے تک ریڈیو پاکستان بہاولپور سے وابستہ رہے ہیں
عالمی اخبار کے مدیر اعلیٰ جناب صفدر ھمدانی کی خصوصی درخواست پر طارق اقبال اور شاہین رضوی نے عالمی اخبار کے لیئے اپنا کلام وڈیو میں ریکارڈ کروایا ہے
ان تمام پروگراموں کی ریکارڈنگ اور تدوین کا کام شہزاد اقبال نے کیا ہے جنہیں اب کویت کی علمی،دینی،ادبی اور سماجی تقریبات کا ایک اہم جزو خیال کیا جاتا ہے کہ ان تقریبات کی تصویری اور وڈیو رپورٹنگ انہی کا خاصہ ہے
سی سی ٹی وی کے روح رواں طارق اقبال نے کہا ہے کہ ان ریکارڈنگ کو نشر کرنے کی تفصیل بعد میں بتائی جائے گی