سیتاپور 09ستمبر (نامہ نگار) ادبی حلقوں میں سرگرم عمل بزم اردو سیتاپورکے بارہویں طرحی مشاعرہ کا غزل ایوارڈ ضلع گونڈہ کے استاد وبزرگ شاعر قمرؔ گونڈوی کو دیا جائے گا۔ یہ فیصلہ بزم اردو کے ذریعہ کیا گیا ہے۔ قمرؔ گونڈوی کو یہ ایوارڈ آئندہ پندرہ ستمبر کو ہونے والے مشاعرہ میں پیش کیا جائے گا۔
اس بات کی اطلاع مشاعرہ کنوینر خوشترؔ رحمانی نے دی ہے۔ غور طلب ہے کہ قمرؔ گونڈوی بائس کتابوں کے مصنف ہیں جنمیں شعلہ شوق، ربط بہار، یادوں کا سفر، میرؔ سنگ میل، آئینہ جگرؔ مرادآبادی، کرشن چندر حیرت گونڈوی، شخص و شاعر وسیم بریلوی کے علاوہ غزلیوں کا مجموعہ البم خاصے مقبول ہیں۔ انہوں نے ایک نعتیہ مجموعہ بھی شائع کیا ہے جس کا عنوان ہے سفر حرم اسیر بتاں۔۱۹۴۸ ء میں شعر و ادب سے وابستگی رکھنے والے قمر گونڈوی نے ضلع بہرائچ کے ممتاز شاعر واصف نانپاروی سے شرف تلمذ ھاصل کیا ہے۔خوشترؔ رحمانی نے بتایا کہ بزم اردو گزشتہ بیالیس برسوں سے ادبی فضا کو زندہ و جاوید بنائے رکھنے میں سرگرم عمل رہی ہے۔
اپنے ادبی سفر کی منزلیں طے کرتی ہوئے بزم اردو نے ابتک سیکڑوں مشاعرہ، سیمینار اور اردو زبان و ادب کی بقا کے لئے مقابلہ جاتی پروگرام منعقد کئے ہیں۔ بزم اردو نے اپنا یہ سفر بزم اردو کے بانی جنرل سیکریٹری جو اب بزم اردو کے صدر ہیں مشہور شاعر و صحافی مستؔ حفیظ رحمانی کی قیادت میں مکمل کیا ہے۔ موجودہ وقت میں طرحی مشاعرہ اور اس میں پیش کئے اور ڈاک سے بھیجے جانے والے کلام پر بہترین غزل کا انتخاب کرکے اس کے تخلیق کار شاعر کو غزل ایوارڈ سے نوازا جاتا ہے۔
خوشتر ؔ رحمانی کے مطابق ہندوستان میں یہ اپنے طریقہ کا پہلا مشاعرہ ہے جسمیں ڈاک اور ائی میل کے ذریعہ دنیا کے مختلف ممالک کے قلمکار اپنا کلام بھیج کر شرکت کر رہے ہیں اور مشاعرہ کو بین القوامی سطح پر مقبولیت حاصل ہو رہی ہے۔ مشاعرہ میں شامل شعراء کے کلام کو دنیا بھر میں پھیلے اردو دوست انٹر نیٹ پر ویڈیو کے ذریعہ سنتے اور دیکھتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بزم اردو کی یہ کوشش جس طرح پروان چڑھ رہی ہے اور اس کی ستائش کے پیغامات موصول ہو رہے ہیں وہ خوش آئند ہیں اور اس بات کا ثبوت بھی کہ اردو ہندوستان میں بھلے ہی زوال پزیر ہو رہی ہے مگر یہ بات بھی سچ ہے کہ دنیا بھر میں اردو زبان او ادب سے محبت کرنے والوں کی تعداد تیزی کے ساتھ بڑھ رہی ہے۔
خوشترؔ رحمانی نے کہا کہ اس مخصوص طرحی مشاعرہ کی رپورٹ ہندوستان بھر میں اردو اور ہندی کے بیشتر اخبارات سرخی کے ساتھ شائع کرتے ہیں۔ لندن، جاپان ، پاکستان اور امریکہ سے انٹر نیٹ پر جاری ہونے والے موقر روزنامہ بھی بزم اردو کے اس مشاعرہ کی رپورٹ اہمیت کے ساتھ شائع کرتے ہیں جس سے بزم اردو کے ذریعہ اردو ادب کو ہونے والے فروغ کا اندازہ بخوبی لگایا جا سکتا ہے۔ مشاعرہ کنوینر نے بتایا کہ پندرہ ستمبر کو ہونے والے مشاعرہ میں شارقؔ لاہرپوری،قمرؔ گونڈوی، انوارؔ سیتاپوری، اقبال اکرم وارثی کو خصوصی طور پر دعوت دی گئی ہے مشاعرہ کی صدارت بزم اردو کے صدر مستؔ حفیظ رحمانی کریں گے۔ انہوں نے یہ بھی بتایا کہ اس مشاعرہ کی طرحی غزلیں نیویارک امریکہ سے تنویر پھولؔ ، کویت سے مسعود حساسؔ ، دہلی سے احمد علی برقیؔ اعظمی، ممبئی سے ممتاز نازاؔ ، لکھنؤ سے حیدر ؔ علوی اور سندیلہ ہردوئی سے ڈاکٹر زبیرؔ صدیقی کے ذریعہ بزم اردو کو موصول ہو گئی ہیں جنہیں پندرہ ستمبر کے مشاعرہ میں شامل کیا جائے گا