|
سنبلہ اور عقرب۔ دونوں کے درمیان زبردست موافقت موجود ہے
16.05.2016, 03:50pm , سوموار (GMT+1)
سنبلہ کا عنصر مٹی اور عقرب کا پانی ہے۔ دونوں کے درمیان زبردست موافقت موجود ہے۔ مٹی پانی کو راستہ دیتی ہے ،جب کہ پانی مٹی کو زرخیزی کا ذریعہ ہے۔
علم نجوم کے قواعد کے مطابق بھی دونوں موافقت کا زاویہ نظر رکھتے ہیں۔
عقرب شخصیت اپنے مثبت پہلوﺅں میں پُرعزم، باوسیلہ، خوداعتمادی، مقناطیسی کشش سے بھرپور، حساس، سفارت کار، زیرک، باہمت، حاکمانہ فطرت کے حامل ہیں، جب کہ اس کے منفی پہلوﺅں میں غصہ اور طیش، غلبہ پسندی، زبردستی، حسد، چال بازی، طنزیہ انداز، سفاکی، غرور اور تشدد نمایاں ہیں۔ سنبلہ اور عقرب کی جوڑی توقع سے بڑھ کر کامیاب رہتی ہے۔ ان دونوں کی رفاقت درحقیقت ایک دوسرے کی بہترین صلاحیتوں کو اجاگر کرتی ہے۔
سنبلہ بڑی خوشی سے عقرب کو رہنما بنا لیتا ہے اور اس کی پیروی کرنے میں طمانیت اور آسودگی محسوس کرتا ہے۔ عقرب کو بھی اس نیک اور شریف مخلوق سے کوئی خطرہ محسوس نہیں ہوتا۔ وہ سنبلہ کو ہر سمت میں سرگرم اور فعال کرنے میں مدد کرتا ہے۔ یہ دونوں برج جبلی یا فطری طو رپر ایک دوسرے کی خوبیوں اور خامیوں کو اچھی طرح سمجھتے ہیں اور بڑے عجیب ڈھنگ سے ایک دوسرے کے معترف ہوتے ہیں۔
عقرب کو سنبلہ ذرا بھی ہنگامہ پرور اور نروس نہیں لگتا اور سنبلہ کو بھی عقرب ذرا بھی سردمہر، شاطر یا خطرناک محسوس نہیں ہوتا۔ اس تعلق یا رشتے کو سپرہٹ بنانے کے لیے سنبلہ کو صرف یہ یاد رکھنا پڑے گا کہ عقرب کوئی بات سننا قطعی برداشت نہیں کر سکتا اور عقرب کے حق میں بھی یہ بہتر ہوگا کہ وہ یہ یاد رکھے کہ سنبلہ کے ساتھ نہایت نرمی سے پیش آنے کی ضرورت ہے۔
|