|
ماضی کی معروف گائیکہ زبیدہ خانم کولاہورمیں سپردِخاک کر دیا
21.10.2013, 04:01am , سوموار (GMT+1)
ماضی کی معروف
گائیکہ زبیدہ خانم کولاہورمیں سپردِخاک کر دیا گیا،ان کی نمازِجنازہ میں
فلم انڈسٹری کی متعدد نامور شخصیات نے شرکت کی۔گلوکارہ زبیدہ خانم ہفتے کی
شام دل کا دورہ پڑنے سے لاہورمیں انتقال کر گئی تھیں۔ ان کی نمازِجنازہ ان
کی رہائش گاہ ویسٹ وڈ کالونی رائے ونڈ روڈ سے ملحقہ پلاٹ میں ادا کی گئی
ماضی کے ہیرو اعجاز درانی، ہدایت کارسید نور، حسن عسکری، الطاف حسین، غفور
بٹ، اداکار عرفان کھوسٹ، موسیقار ذوالفقارعطرے اورپرویز کلیم سمیت فلم
انڈسٹری سے وابستہ دیگرشخصیات نے نمازِ جنازہ میں شرکت کی۔فن کاروں اور فلم
انڈسٹری سے وابستہ دیگرشخصیات نے زبیدہ خانم کو شاندار الفاظ میں خراجِ
عقیدت پیش کیا۔
اداکار اعجاز درانی کاکہنا تھا کہ زبیدہ خانم نے گلوکاری کے
میدان میں منفرد مقام حاصل کیا۔ہدایت کاراورمصنف سید نورنے کہا کہ زبیدہ
خانم فن گائیکی میں ایک ادارے کی حیثیت رکھتی تھیں۔
عرفان کھوسٹ کہتے ہیں،
وہ بہت بڑی فن کارہ تھیں، ان کاخلاء کبھی پْر نہیں ہو سکے گا۔گلوکارہ زبیدہ
خانم کو سیکڑوں سوگواروں کی موجودگی میں قبرستان میانی صاحب میں سپردِ خاک
کردیا گیا۔
چاہنے والوں کا کہناہے کہ انہوں نے زبیدہ خانم کاجسدِ خاکی قبر
میں اتارا، ان کی میٹھی اور سریلی آواز طویل عرصے تک ان کے کانوں میں رس
گھولتی رہیگی۔
|