ٹانڈہ رامپور۔ جمعیۃ علماء رامپور کی میٹنگ کاشانۂ وفاء الرحمن جامعی میں محمودالظفر رحمانی ایڈوکیٹ کی صدارت میں منعقد ہوئی میٹنگ کا آغاز قاری محمد حذیفہ کی تلاوت کلام پاک سے ہوا جس میں جمعیۃ علماء کے زیرِ اہتمام دہلی کے رام لیلا میدان میں امنِ عالم کا نفرنس کے سلسلے میں جائزہ لیا گیا ۔
میٹنگ کے آغاز پر مولانا لیاقت علی مفتاحی نے کہا کہ ہم عظیم فکروں کولیکر جمع ہوئے ہیں ہندوستان کے ساتھ اسلام اور مسلمانوں کے خلاف عالمی سطح پر سازش رُخ بدل کر چل رہی ہے ملک میں جو بھی سیاسی پارٹی آتی ہے وہ اپنے مفاد کی بات کرتی ہے ساڑھے نو سو سال یہاں مسلمانوں نے حکمرانی کی اور انہوں نے اپنے دور میں ہندو بھائیوں کا خیال رکھا،مندروں کو زمین عطا کی مگر آج کے دور میں مسلمانوں پرزیادتیاں کی جارہی ہیں انگریزوں نے ہندؤوں اور مسلمانوں کو لڑایا اور برباد کیا شیخ الہند حضرت مولانا محمود الحسن صاحب نے 1916میں انگریزوں کے خلاف آزادی کا بگل بجایا۔
جامعہ اسلامیہ رحمانیہ کے استاذِ حدیث مولانا عبدالواجد قاسمی نے کہا کہ ہندوستان میں شاہ فیصل کی آمد پر اس وقت کی وزیر اعظم نے دارالعلوم دیوبند کی دعوت دیتے ہوئے کہاکہ دارالعلوم دیوبند امن کا مرکز ہے اور یہیں سے امن کی ہوائیں چلتی ہیں۔

امام جامع مسجد مولانا جلیس احمد قاسمی نے کہا کہ جب جب بھی مسلمانوں پر ظلم ہوا ہے جمعیۃ علماء نے ہی آواز بلند کی ہے 1909سے جمعیۃ برابر خدمات انجام دے رہی ہے۔
ٹانڈہ جمعیۃ کے صدر مولانا ظہیر القاسمی نے آپسی اتحاد پر زور دیا۔شیخوں والی مسجد کے امام مولانا ریاض الحسن نے کہا کہ جمعیۃ کو مضبوط بنایا جائے جولوگ کھلے عام فضاء کو خراب کررہے ہیں ان سے سختی کے ساتھ نپٹا جائے یہ ملک سب کا ہے آزادی کے وقت سب نے قربانیاں دی ہیں ۔حافظ شکیل قریشی نے کہا کہ مسلمانوں کو جان بوجھ کر بدنام کیا جارہا ہے اور نفرت کا ماحول بنایا جارہا ہے ،جمعیۃ علماء کے اکابر کی جد وجہد میں ہم سب کو متحد ہونے کی ضرورت ہے۔ضلع جنر ل سکریٹری مولانا محمد عرفان قاسمی نے کہا کہ مسلمانوں کے لئے حکومتوں نے کچھ نہیں کیا اب وقت آگیا ہے کہ مسلمانوں کی بات کومضبوطی کے ساتھ منوایا جائے جمعیۃ علماء ہماری آواز کو برابر اُٹھاتی رہی ہے،ضرورت ہے کہ بڑی مقدار میں امن عالم کانفرنس میں شرکت کریں۔
آخر میں صدارت کررہے ضلع صدر محمودالظفر رحمانی ایڈوکیٹ نے کہا کہ جمعیۃ علماء ہی ایک ایسی جماعت ہے جو ملک میں صحیح طریقہ سے ہماری رہنمائی کرتی ہے اور مصیبت کی ہر گھڑی میں ہمارا ساتھ دیتی ہے چاہے فسادات کا معاملہ ہو یا دیگرملّی مسائل کا۔انہوں نے کہا کہ انگریزوں کی ظلم وزیادتی کے خلاف جمعیۃ علماء اور اُسکے اکابر نے مورچہ لیاا ور حضرت مولانا محمود الحسن اسیر مالٹا نے تحریک ریشمی رومال کے ذریعہ پورے ملک میں مہم چلاکر انگریزوں کو ملک سے بھگایا جس میں سیکولر ہندؤوں نے ملکر ساتھ دیا۔انہوں نے کہا کہ ۱۱؍دسمبر کو تحریک ریشمی رومال کے سو سال پورے ہونے پر جمعیۃ علماء ہند دہلی میں بڑی کانفرنس کررہی ہے جس کے لئے ملک میں ایک سو کانفرنسیں ہورہی ہیں جس میں ضلع رامپور کے قصبہ ٹانڈہ میں ۱۱؍دسمبر کو جامع مسجد کے لئے پروگرام کے لئے منظوری ملی ہے جس میں جمعیۃ علماء اترپردیش کے صدر مولانا حیات اللہ قاسمی صاحب اور جمعیۃ علماء ہند کے آرگنائزر مولانا مفتی سید محمد عفان صاحب ودیگر رہنماء شرکت کے لئے آرہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ امنِ عالم کانفرنس میں مسلمانوں کے مسائل ودیگر ملّی مسائل پر غور ہوگا۔رحمانی نے کہا کہ ضلع رامپور سے بھی دہلی کانفرنس میں شرکت کے لئے بسوں کا انتظام کیا گیا ہے۔
میٹنگ میں مولانا مبین احمد قاسمی،مولانا گوہر علی ،مولانا محمد سلیمان قاسمی،مولانا قاری ریاست علی مظاہری نے بھی خطاب کیا،اس موقع پر امیر تبلیغی جماعت مولانا عبدالسلام مفتاحی،مولانا عبدالمعبود (اے،ایم قاسمی)قاری عبدالماجد نائب مہتمم جامعہ رحمانیہ ،حافظ عبدالحکیم،حافظ محمد عمر،قاری عبدالرحمن،حاجی عبدالواجد قطب،حاجی محمد زبیر،قاری محمد ساجد،مولانا محمد صادق،ڈاکٹر اسعد الظفر،ڈاکٹر محمد اسلم،حاجی گوہر علی،حاجی فراست علی،حاجی عتیق الرحمن،حاجی طاہر علی،محمد ریحان،حافظ محمد لقمان،مہتمم حاجی محمد علی،مولانا شکیل احمد علوی،رحمت اللہ ٹھیکیدار،رئیس پہلوان،ماسٹر محمد ندیم،محمد عثمان سیفی،زاہد سیٹھ،حاجی انعام علی،قاری محمد رفیق،قاری محمد حذیفہ،حاجی عبدالرشیدکے علاوہ سیکڑوں لوگوں نے شرکت کی،مولانا جلیس احمد امام جامع مسجد کی دعا پر میٹنگ کا اختتام ہوا اور نظامت کے فرائض مولانا محمد عرفان قاسمی جنرل سیکریٹری جمعیۃ علماء ضلع رامپور نے انجام دئے۔