15.10.2026, 06:50pm , جعمرات (GMT+1)
 
وفاقی کابینہ کا بھارتی سرجیکل اسڑائیک کا دعوی مسترد،کنٹرول لائن پر بھارتی فورسز کی بلا اشتعال فائرنگ کو سیز فائر کی خلاف ورزی قرار دیا ہے۔ ; ایل او سی کی پہلی دفاعی لائن پر بلااشتعال فائرنگ کے جواب میں پاکستانی فورسز کی فائرنگ سے تتہ پانی سیکٹر میں بھارتی فوج کے اہلکار بھی ہلاک ; بھارتی ہٹ دھرمی کے باعث سارک سربراہ کانفرنس ملتوی ،انیسویں سارک سربراہ کانفرنس نومبر میں اسلام آباد میں ہونی تھی، بھارت کا شرکت سے انکار ; پاک بھارت کشیدہ تعلقات ۔ بھارت نے کہا ہے کہ وہ نومبر میں اسلام آباد میں ہونے والی سارک کانفرنس میں شرکت نہیں کرے گا۔ ; امریکی صدارتی مباحثوں کی تاریخ میں ایک مرد اور خاتون امیدوار کے درمیان پہلامباحثہ ۔ ۔دنیا بھر دس کروڑ لوگوں نے یہ مباحثہ براہ راست دیکھا
        [تفصیلی تلاش]
 
 
 
مضامین/تجزیات » صفدر ھمٰدانی
 

بےشرم حکمران اور بے شرم عوام ۔از۔ صفدر ھمدانی
02.03.2009, 06:37pm , سوموار (GMT+1)

صفدر ھمدانی ۔لندن


عالمی اخبار کا بلاگ  ''برطانوی ہائیڈ پارک'' کی طرح ہے جہاں ہر کوئی کسی سنسر یا کسی پابندی کے خلاف تہذیب کے دائرے میں رہتے ہوئے اپنے خیالات و نظریات کااظہار کر سکتا ہے اور دیگر احباب بھی بلا کم وکاست اپنی رائے کسی بلاگ پر دیتے ہیں۔

ایسا ہی ایک بلاگ جرمنی کے شہر برلن کے بھائی انور ظہیر (افسانہ نگار ،شاعر اور کالم نگار) کا شائع ہوا ہے جسے پڑھ کر میرے جسم میں بجلی سی کوند گئی اور ہاتھوں میں ایک لرزہ سا طاری ہو گیا اور اسی بلاگ نے مجھے یہ کالم لکھنے پر مجبور کیا۔

پہلے بھائی انور ظہیر رہبر کے بلاگ کو پڑھ لیجئے۔ بر سر تذکرہ جی چاہتا ہے کہ یہ بھی عرض کرتا چلوں کہ بھائی ظہیر آپ کے نام کے ساتھ ''رہبر'' لا لفظ دیکھ کر کیسا عجیب سا لگتا ہے کہ اس لفظ نے اپنے معانی بھی ایسے ہی قائدین اور رہبروں کے ہاتھوں کھو دیئے ہیں جنکا آپ نے اپنے بلاگ میں ذکر کیا ہے۔


بھائی انور ظہیر لکھتے ہیں“ ملک پھر سے سیاسی اکھاڑہ بن گیا ہے۔ سنہء2009 میں بھی ہم 18 ویں صدی میں ہی کھڑے ہیں،  ہر کسی کو اپنی اپنی گدی بچانے کی پڑی ہے، عوام جائیں بھاڑ میں۔ اور یہ بھی کہ ملک کی سب سے بڑی عدالت نے ایک مرتبہ پھرایک متنازعہ فیصلہ سنا کر ملک کی  سب سے بڑی عدالت نے خود اپنی جگ ہنسائی کی ھے ۔ پھر اس کے بعد سب جانتے ھیں کہ احتجاج اور گورنر راج کا بول بالا ھے'' ۔۔۔

آئیے ذرا اس تحریر کی روشنی میں بات کریں لیکن اس وعدے کے ساتھ کہ ایسے موضوعات پر تبادلہ خیال بہت ضروری ہے۔

دراصل ہمارے ملک کی جو یہ حالت ہے اور ہم پر عذاب کی صورت میں ایسے ناعاقبت اندیش حکمران مسلط ہیں تو اسکی دیگر بہت سی وجوہات تو ہیں ہی لیکن ایک بڑی وجہ یہ ہے کہ سارے ملکی نظام میں سے دانشور کو نکال باہر کر دیا گیا ہے۔نہ کوئی سید محمد تقی ہے،نہ رئیس امروہوی اور پروفیسر کرار حسین۔ آ جا کر ایک دم پروفیسر منظور کا غنیمت ہے لیکن وہ ریڈیو ٹی وی سے اس لیئے غائب ہیں کہ کہیں بصیرت کی کوئی بات نہ کردیں۔

سچ پوچھیں تو یہ مسلہ صرف پاکستان کا ہی نہیں ننانوے فیصد سے زائد مسلم ممالک کا ہے اور جہاں جہاں آمریت،بادشاہت یا ملوکیت موجود ہے وہاں زر خرید اور خودساختہ نام نہاد دانشور ”شاہ” کے کاسہ لیس اور درباری تاریخ نویس کی طرح ہیں۔

پاکستان کو جس نہج پر یہ حکمران اور انکے حواری لے آئے ہیں اس جگہ پر شاید کوئی معجزہ بھی کچھ نہ کر سکے۔ الطاف حسین،نواز شریف،آصف زرداری،قاضی حسین احمد۔ مولانا فضل الرحمٰن اور اسی قماش کے دوسرے تمام سیاست دان ضمیر فروش تو تھے ہی لیکن اب قوم فروخت بن چکے ہیں اور یہ سب ایک جیسے،ایک ہی ماں کی اولاد،ایک ہی قماش کے لوگ اور ایک ہی تھالی کے چٹے بٹے ہیں۔ جسکو جب بھی موقع ملتا ہے وہ اپنے ہی عوام پر وار کرتا اور انکا خون چوستا ہے۔

پاکستان میں اگر آپ غور کریں تو قلم کار طبقہ لکھنے کے حوالے سے جیسے ناپید ہو چکا ہے یا پھر لمبی تان کر سو گیا ہے۔ پچھلے کئی برس سے مجھے کسی بڑے لکھنے والے شاعر ادیب کی کوئی تحریر دکھا دیجئے جس میں موجودہ حالات کا تذ کرہ ہو یا پھر عوام دشمن حاکموں کی ناپاک حاکمیت کا پردہ چاک کیا گیا ہو اور یا پھر عوام کی بے بسی کی کوئی بات کی گئی ہو۔ یہ فخر بھی ہم آپ جیسے لکھنے والوں کو حاصل ہے کہ وطن سے ہزاروں میل دور بیٹھ کر بھی ہم ہی ان حالات پر لکھتے ہیں۔

بے شرمی کوئی برہنہ ہونا نہیں ہے بلکہ یہ بھی بے شرمی ہے جو اس وطن عزیز کے سیاستدانوں اور حکمرانوں سے لیکر ہر طبقے اور شعبے میں آ گئی۔

حکمران بے شرم،حکومتی نظام بے شرم،عدالت بے شرم،ججوں کی اکثریت بے شرم، قاتلوں کو حمایت کرنے والے کتنے ہی وکلا بے شرم، اسمبلیاں بے شرم،الیکشن کمیشن بے شرم،ابلاغ کے ادارے بے شرم، بکاؤ مال قلم کار بے شرم ،صاحبان جبہ و دستار بے شرم، سیاستدانوں کی ایک بہت بڑی اکثریت بے شرم، وعظ و نصیحت کرنے والے بے عمل ملاں بے شرم اور حتیٰ کہ عوام کی ایک بڑی تعداد بھی بے شرم ہو چکی ہے۔ عوام اس لیئے کہ ظلم سہنے والا بھی ظلم کرنے والے کا بھائی ہے۔

یہی عوام ہیں جو بار بار اپنے اور اپنے بچوں کے قاتلوں کو ووٹ دیکر اسمبلیوں میں لاتے ہیں۔ ہمارے عوام سے تو نیپال کے بھوکے ننگے عوام ہزارہا درجے بہتر ہیں جنہوں نے صدیوں کی بادشاہت کا جنازہ اس طرح نکالا کہ کوئی کندھا دینے والا نہیں تھا۔

جس ملک میں انٹر پول کو مطلوب شخص ملکی سیکیورٹی کا ذمیدار بن جائے،جہاں سزا یافتہ لوگ ملک کے بڑے بڑے اداروں کے نگراں ہوں اور جہاں دودھ کی رکھوالی کو بلی کو بٹھا یا گیا ہو وہاں اب ہم کس سورہء احزاب یا سورہ ء فیل کے نزول کے انتظار میں ہیں۔

آپ 18 ویں صدی کی بات کرتے ہیں ہم تو 14 ویں صدی سے بھی پیچھے چلے گئے ہیں۔یاد ہے نا ایک آمر مطلق جنرل مشرف کے زمانے میں انہی امریکیوں نے کہا تھا کہ وہ ہمیں واپس پتھر کے زمانے میں پہنچا دیں گے۔ امریکہ تو یہ نہ کر سکا لیکن امریکہ کا یہ کام ہمارے حاکموں نے خود سرانجام دے دیا۔

انور ظہیر رہبر کے اس بلاگ پر ایک تبصرہ عالمی اخبار کی نائب مدیر اعلی  ڈاکٹر نگہت نسیم صاحبہ کا بھی ہے جو توجہ طلب ہے'' یہ قصور پاکستانی عوام کا بھی ہے جو بار بار ایسے ہی لوگوں کو منتخب کرتے ہیں جو اپنے ذاتی مفاد کے حصار سے باہر ہی نہیں نکلتے جمہوریت کو اپنے گھر کی لونڈی سمجھ لیتے ہیں یہ بھی داستان نہیں حقیقت ھی ھے کہ نیپال کی غریب عوام نے اپنا مقدمہ اپنی فکر اور عوامی  طاقت کے احساس یکجہتی  پر جیتا تھا ۔۔ پاکستان میں تو ھر خاص و عام ایک دوسرے کو بیوروکریسی کے نام پر فروخت کررھا ھے ۔۔ اور جوباقی رہ جاتی ھے وہ  ھے خاموش عوام ۔جو چپ چاپ اپنی خاموشی سے ایک دوسرے کو بکنے پر مجبور کر رھے ھیں ۔۔خاموشی اب جرم نہیں بے شرمی ھو گئی ھے ۔

 دیکھئے کب جا کر اور کہاں جا کر یہ بے شرمی کا تماشہ  رکتا ھے ۔۔کاش سپریم کورٹ نے خاموش رھنے والی بے شرم قوموں  پر بھی نااہلی کا مقدمہ چلایا ھوتا اور انہیں ملک بدری کی سزا بھی دی ھوتی''۔

ڈاکٹر نگہت صاحبہ مجھے معلوم نہیں کہ آپ کس سپرہم کورٹ کی بات کر رہی ہیں۔ کیایہ اسی سپریم کورٹ کی بات ہے جسکے ایک سیاسی فیصلے نے ملک میں ایک بار پھر آگ لگا دی ہے؟

کیا یہ وہی سپریم کورٹ ہے جس کا ایک چیف جسٹس اپنے ہی ملک کی سڑکوں پر اپنے ہی حاکموں سے انصاف منگتا پھر رہا ہے؟

کیا یہ اسی سپرہم کورٹ کا تذکرہ ہے جسکے موجودہ سربراہ نے مبینہ طور پر اپنی بیٹی کے نمبروں کے اضافے کا سارا کیس کیسے چابکدستی سے داخل دفتر کروا دیا ہے؟

بس اب مزید نہیں لکھ سکتا کہ میرا اور قلم کا دم گھُٹ رہا ہے

کچھ عرصہ قبل اپنی لکھی ہوئی ایک نظم یاد آ گئی ہے آپ بھی سُن لیجئے

مت اس طرح سے یہ جمہوریت ذلیل کرؤ!



مرے وطن میں قلم کی قَسَم اٹھاتا ہوں
کہ جب تلک مری سانسوں کا آنا جانا ہے
قلم رہے گا یہ شمشیر بن کےگردن پر
ترے ہر ایک ستم آشنا عدو کے لیئے
ترے عدو کو نہیں ہے
مرے قلم کے شکوہ کا ابھی بھی اندازہ
بکھیر دوں گا بساطِ ستم کا شیرازہ
ترے عدو کو بھگتنا پڑے گا خمیازہ
یہ کیا کہ ہر کوئی اک مردہ خور گدھ کی طرح
ترے وجود پہ نظریں جمائے بیٹھا ہے
یہ کیا کہ تیرے وجودِ حیات کو ظالم
نگاہِ بد سے نشانہ بنائے بیٹھا ہے
سروں پہ کوہِ ملامت اُٹھائے بیٹھا ہے
ترے عدو کو خبر ہی نہیں ہے کہ تاریخ
ہر ایک عہد میں اپنا سبق سکھاتی ہے
ہر ایک آمرِ مطلق کا سر اڑاتی ہے
ترے عدو کو یہ ادراک ہی نہیں ہے کہ وہ
کسی بھی شکل میں آئے
وہ چھُپ نہیں سکتا
ترے عدو کو خبر ہی نہیں کہ اسکا وجود
قبا سجائے ہوئے ہے بدن پہ اپنے مگر
یہ زرنگار قبا سر تا پا ملامت ہے
یہ سر پہ رکھی جو دستار ہے ندامت ہے
فصیل شہر کے باہر کھڑی قیامت ہے
کسے یہ زعم کہ جمہوریت کے پردے میں
وہ اپنی ساری سیاہ کاریاں حلال کرے
غریب کے لیئے اک سانس بھی وبال کرے
پھر ایک بار یہ دھرتی مری عذاب میں ہے
پھر عدل اہلِ ہوس کے لکھے نصاب میں ہے
وفا کا درس بھی زردار کی کتاب میں ہے
وہ فکرِ شمرِ لعیں عرصئہ شباب میں ہے
پھر حاکموں نے لگایا ہے مصر کا بازار
پھر اقتدار کا نشہ ہے تخت کا ہے خمار
پھر ایک مجمعء اہلِ ہوس ہے اور دربار
پھر اہلِ حکمت و دانش کی جہل ہے سردار
غریبِ شہر کا مختار پھر ہوا زردار
منافقت کی ہوا ہے سنو چمن میں مرے
اُتر گیا ہے جوں خنجر کوئی بدن میں مرے
پھر آمروں نے اٹھایا ہے سر وطن میں مرے
مگر یہ کیا ہے کہ اس بار یہ حصارِ ستم
بنا رہے ہیں وہی جو
جنہیں ہے دعویٰء جمہوریت زمانے سے
جنہیں ہے فخر کہ اعزاز یہ شہادت کا
انہیں کے گھر کے لیئے جسطرح وراثت ہے
انہیں کے واسطے لکھی گئی قیادت ہے
میں کیا کرؤں کہ قَلَم کی قَسَم اٹھائی تھی
تو اس قَسَم کی مجھے اب بھی لاج رکھنی ہے
تو پھر سنو کہ نہ غاصب کو اب وکیل کرؤ
خود اپنے سر کو بچانے کی بھی سبیل کرؤ
تم اقتدار کی خواہش مگر قلیل کرؤ
جو کرنا چاہو تو پھر بیعتِ عدیل کرؤ
مت اس طرح سے یہ جمہوریت ذلیل کرؤ

:دیگر مضامین
(26.02.2009) ‘‘عدالت بِک گئی اک بار پھر زردار کے ہاتھوں‘‘از صفدر ھمٰدانی
(08.01.2009) حسین آؤ کہ آج دنیا کو پھر ضرورت ہے کربلا کی۔از۔صفدر ھمٰدانی
(16.12.2008) ب سے بوٹ ، ب سے بش ۔از ۔صفدر ھمدانی ۔لندن
(26.11.2008) پاکستان کا کرپٹ عدالتی نظام۔از صفدر ھمٰدانی
(13.11.2008) سانپ کی بِل سے بجلی کے بِل تک۔ از صفدر ھمدانی
(05.11.2008) اوبامہ کی فتح۔مارٹن لوتھر کنگ کے خواب کی تعبیر؟از صفدر ھمٰدانی
(03.11.2008) تُم نے پاؤں کا جوتا بنایا ہے آئین کو!
(24.10.2008) ایوان صدر میں ‘‘سور مار‘‘ مہم
(14.10.2008) الف سے امریکہ ب سے باجوڑ ، ج سے جوتا ج سے جمہوریت
(14.10.2008) قائد اعظم محمد علی جناح کی تعظیم فرض اول
(14.10.2008) زرداری کی سرداری ہے
(14.10.2008) مت اس طرح سے یہ جمہوریت ذلیل کرؤ!
(14.10.2008) ‘‘اپنے انجام کو پہنچا ہے یزیدِ دوراں‘‘
(14.10.2008) بے عمل حاکم قوم کی موت ہوا کرتے ہیں
(14.10.2008) ‘‘یزیدِ وقت کے دربار میں گیا یوسف‘‘
(14.10.2008) ریڈیو پاکستان جیسے تاریخی ادارے پر رحم کریں
(14.10.2008) اردو شاعری کی ایک روشن سحر‘‘سحر علی‘‘
(14.10.2008) صمدخرم پاگل نہیں مشرف اورامریکہ پاگل
(14.10.2008) وینکور میں ۔روشنی حرا سے۔ کی تقریب رونمائی
(14.10.2008) جب راج کرے گی خلق خدا !



 
تمام خبریں  
مضامین/تجزیات   
شمس جیلانی  »
صفدر ھمٰدانی  »
ماہ پارہ صفدر  »
ڈاکٹر نگہت نسیم  »
زرقا مفتی  »
سیدہ زائرہ عابدی۰بجو  »
محمد احمد ترازی  »
محمد عظیم اعظم  »
عالم آرا  »
سیدہ رافیعہ گیلانی  »
شاہین اشرف علی  »
اظہرالحق نسیم  »
فرخندہ رضوی  »
ڈاکٹر فاخرہ نورین  »
عالمی خبریں   
عالمی اخبار تازہ ترین   
پاکستان/ بھارت   
ایشیا/یورپ/آسٹریلیا   
مشرق وسطیٰ/افریقہ   
اعلان و انتخاب آجکا دن   
رپورٹس/ملٹی میڈیا   
عالمی اخبار کھیل   
صحت/سائینس   
شخصیات، انٹرویوز   
عالمی اخبار ادبیات   
Reports,Naheed Gallery   
Pak/India/Gulf   
International/Sports   
 
 

  عالمی اخبار  کے ادارتی عملے میں مختلف عالمی اداروں کے اپنے اپنے شعبے کے ماہرین شامل ہیں اور اس اخبار میں خبروں،تبصروں اور کالموں کے علاوہ ہر موضوع اور ہر کسی کے لیئے مواد موجود ہے۔ عالمی اخبار کی پالیسی صاف ستھری ،آزادانہ اور بے لاگ صحافت ہے۔
. رابطہ ٹیلی فون:  لندن447796515479+ ،  آسٹریلیا 61425201035+ ،  ای میل:  رابطہ@عالمی اخبار۔کوم۔  جملہ حقوق بحق عالمی اخبار۔کوم محفوظ ہیں