اردو کے ادبی حلقوں میں یہ خبر انتہائی دکھ اور افسوس کے ساتھ سنی جائے گی کہ اردو کے ممتاز شاعر اور صحافی ڈاکٹر آذر تمنا یکم مارچ 2014ء کو اسلام آباد میں اچانک وفات پا گئے ۔
ڈاکٹر آذر تمنا 9 جنوری 1954 ء کو لاہور میں پیدا ہوئے تھے ۔ ان کے والد جناب فضل الٰہی تمنا بھی خوش گو شاعر تھے اور ان کے چھوٹے بھائی یشب تمنا بھی نئی نسل کے ممتاز شعرا میں شمار ہوتے ہیں۔ ڈاکٹر آذر تمنا نے اپنی عملی زندگی کا آغاز ستر کی دہائی میں لاہور سے کیا۔ وہ مختلف اخبارات سےبھی وابستہ رہے اور انھوں نے سید قاسم محمود کے ادارے شاہکار سے شائع ہونے والے کئی علمی سلسلوں کی ادارت بھی کی۔ اسی کی دہائی میں انھوں نے کچھ وقت کراچی میں بھی گزارا پھر وہ اسلام آباد منتقل ہوگئے۔ نوے کی دہائی میں وہ آسٹریلیا چلے گئے تھے جہاں انہوں نے بین الاقوامی تعلقات میں پی ایچ ڈی کی سند حاصل کی۔ گزشتہ چند برس سے وہ اسلام آباد میں مقیم تھے اور سینٹر فار سیکیورٹی اینڈ پیس اسٹڈیز اسلام آباد سے بطور صدر منسلک تھے۔ یکم مارچ 2014 ء کو ان بر دل کا دورہ پڑا جس میں وہ جان بر نہ ہو سکے۔ انا للہ و انا الیہ راجعون ۔ انھیں اسلام آباد میں سپرد خاک کیا گیا۔ اللہ تعالیٰ ان کی مغفرت فرمائیں اور ان کے درجات بلند فرمائیں۔