دعا مانگنا بزات خود ایک سعادت کی بات ہے ۔ لیکن ایسی دعا مانگنا جسے اللہ کے محبوب بندوں نے خود مانگا ہو تو اس کی تاثیر پشتینی ہو جاتی ہے ۔ ایسی ہی دعائیں وظائف کا رتبہ بھی پا جاتی ہیں ۔ ایسی ایک دعا جو امام زین العابدین استقبال رمضان میں پڑھا کرتے تھے ۔ یہ وہی امام ہیں جنہیں انتہائی سجدہ گزار تھے اور اس کی وجہ سے سید الساجدین کے لقب سے مشہر ہوئے ۔ حضرت امام سجاد علیہ السلام کی اس قدر عاشقانہ عبادات دیکھ کر جب اُن سے کہا جاتا تھا کہ آپ اپنے جد بزرگوار علی علیہ السلام سے کہیں زیادہ عبادت گذار ہیں تو حضرت اظہار فرماتے تھے:
میں نے حضرت علی کرم اللہ وجہہ کے ایک دن کے اعمال میں نظر کی تو مجھ پر واضح ہوگیا کہ میں سال بھر میں بھی ان کے ایک روز کے اعمال کی برابری نہیں کرسکتا۔
سبحان اللہ ۔ ہمارے پیارے نبی آخر سرکار عالم شافی کل رسول خدا صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی عبادات کا وہ عالم تھا کہ خود خداوند متعال نے قرآن کریم میں فرمایا کہ " اپنے آپ کو اس قدر تھکا نہیں دیں ۔"
میں اپنے پاک رب کا کیسے شکر ادا کروں کہ اس نے مجھے یہ اعزاز عطا فرمایا کہ امام سید الساجدین کے لب مبارک سے ادا کی ہوئی دعا کو منطوم کروں اور آپ سب احباب سے کہوں کہ اسے پڑھئے اور رمضان کی ایک ایک ساعت کا اجر لیجئے ۔
دعائے امام زین العابدین (سجاد ) علیہ السلام، استقبال رمضان المبارک ۔۔۔ ڈاکٹر نگہت نسیم
اعوذ باللہ من الشیطٰن الرجیم
بسم اللہ الرحمٰن الرحیم
اے میرے معبود !
اے میرے مالک !
اے میرے پاک رب
رحمت فرما محمد صلی اللہ علیہ والہ وسلم اور ان کی آل پاک پر
ہمیں ہدایت عطا کر
کہ
ماہ رمضان کے فضل و شرف اور عظمت کو پہچانیں
اس کی عزت اور حرمت کو ہر ماہ سے بلند جانیں
جن چیزوں سے تو نے منع کیا ہے اسے منع جانیں
اے میرے پاک رب
رحمت فرما محمد صلی اللہ علیہ والہ وسلم اور ان کی آل پاک پر
ہمارے اعضاء کو نافرمانیوں سے روک دے یارب
ہمیں غَلَط گوئی اور غلط کاموں سے ٹوک دے یارب
ہمیں ان کاموں میں الجھا دے جو تری رضا ہو یارب
ہماری سماعتوں کو نصیب اجر کا ازن دے کر یارب
ہماری بے محابہ نگاہ کو پردہ و حیاداری دے یارب
ہمارے دست رسا کو امر ممنوع سے ہٹا دے یارب
ہمارے شکم پرستی کو پاکیزہ بھوک عطا کر یارب
ہماری فِکْرِ اِسْتِدْلالی کو باریاب رسائی دے یارب
اے میرے پاک رب
رحمت فرما محمد صلی اللہ علیہ والہ وسلم اور ان کی آل پاک پر
ہمیں با نصیب کر اور آگہی کے دروازے کھول دے یارب
ہمیں نماز ہائے پنجگانہ کی پابندی اور سعادت نصیب کر یارب
ہمیں واجبات انسانی دل سے ادا کرنے کی توفیق عطا کر یارب
ہمیں پابندی حدود میں رہ کر آداب عشق سیکھا دے کر یارب
اے میرے پاک رب
ہمیں ان کے مرتبے پر فائز فرما ۔۔۔
جو نمازوں میں سب سے آگے تھے
واجبات کی نشاندہی کرنے والے تھے
رکوع و سجود میں سب سے ا فضل تھے
برکتوں کو جاری و سارے کرنے والے تھے
کامل ، پاکیزگی اور خشوع میں نمایاں تھے
یعنی وہ تیرے محبوب خاص اور عبد خاص تھے
اے میرے پاک رب
ہمیں اس ماہ رمضان مبارک میں توفیق دے
کہ
ہم اوروں سے نیکی اور احسان کریں
عزیزوں سے صلہ رحمی اور بخشش کریں
ہمسایوں کی خبر گیری اور درگزر کریں
اپنے اموال کو مظلوموں سے پاک صاف کریں
زکوات دے کر انہیں پاکیزہ اور طیب بنا لیں
اے میرے پاک رب
رحمت فرما محمد صلی اللہ علیہ والہ وسلم اور ان کی آل پاک پر
جس طرح
چاند گھٹتا بڑھتا ہے ایسے ہی ہمارے گناہ محو کر
جیسے
سورج دن ختم ہونے پر ڈوب جاتا ہے
ویسے ہی
ہمارے گناہوں کا وبال ہم سے دور کر
اور
توں اپنی رحمت خاص سے
اس ماہ رمضان المبارک میں
ہمیں ساری خطاوں سے پاک کر
ہمیں سارےگناہوں سے بری کر
اے میرے پاک رب
رحمت فرما محمد صلی اللہ علیہ والہ وسلم اور ان کی ال پاک پر
اس ماہ رمضان المبارک میں
اگر ہم حق سے مُنہ موڑیں توہمیں سیدھے سچے راستے پر لگا دینا
کجروی اختیار کریں تو ہماری اصلاح و دُرستگی فرما دینا
شیطان ہمارے گرد احاطہ کرے تو اسکے پنجے سے چُھڑا دینا
اے میرے پاک رب
اس ماہ مبارک میں
ہمارا دامن ہماری عبادتوں سے بھر دے
ان لمحات کو ہماری اطاعتوں سے سجا دے
ہر شب کو ہماری شب بیدار اور دن کو روزہ داربنا دے
تیرے حضور اشکباری کریں اور تو ہماری تطہیر کر دے
اور ہماری عجز و الحاح تیرے روبرو ہمیں زلت سے بچا دے
اے میرے پاک رب ۔۔
اے دعاؤں کو قبول کرنے والے مہربان رب
یہ سب تیرے ازن کے بغیر ناممکن ہے
ہماری مدد فرما ۔۔۔۔۔۔ ہماری مدد فرما
آمین ثمہ آمین
الہی آمین
یا رب العالمین
ڈاکٹر نگہت نسیم
سڈنی