|
آئی فون 6 اور 6 پلس کے ساتھ ایپل کی اسمارٹ اور نہایت منفرد گھڑی
21.02.2015, 10:15am , ہفتہ (GMT+1)
امریکی ٹیکنالوجی کمپنی ایپل نے اپنے آئی فون کے دو نئے ماڈلز کے ساتھ پہلی مرتبہ ’ایپل واچ‘ کے نام سے ایک اسمارٹ گھڑی متعارف کروائی ہے۔
یہ کمپنی کے شریک بانی سٹیو جابز کی وفات کے بعد کمپنی کی جانب سے متعارف کروائی جانے والی پہلی نئی پروڈکٹ ہے۔
اس اسمارٹ گھڑی میں فٹنس ٹریکر اور دیگر کئی طرح کے ایپس چلائے جا سکتے ہیں اور اس کا ڈسپلے ٹچ اسکرین ہے۔
اس گھڑی کی قیمت 349 ڈالر رکھی گئی ہے اور کمپنی کے مطابق یہ آئندہ سال کے آغاز تک بازار میں دستیاب ہوگی۔
سام سنگ سمیت دیگر کمپنیاں اس قسم کی اسمارٹ گھڑی پہلے ہی متعارف کروا چکی ہیں لیکن ماہرین کا خیال ہے کہ ایپل کمپنی کی تاریخ رہی ہے کہ وہ بازار میں مصنوعات تاخیر سے تو لاتی ہے لیکن وہ مصنوعات بازار کا رخ تبدیل کر دیتی ہیں۔
منگل کو کیلیفورنیا میں منعقدہ تقریب میں کمپنی کے چیف ایگزیکیٹو افسر ٹم کک نے آئی فون کے دو نئے ماڈلوں آئی فون 6 اور آئی فون 6 پلس کی بھی رونمائی کی۔
اس موقع پر ٹم کک نے کہا،’اب تک کا سب سے اعلی درجے کا آئی فون پیش کرتے ہوئے آج ہم بہت خوش ہیں۔
یہ دونوں ہی فون اب تک کے آئی فونز سے حجم میں بڑے لیکن پتلے ہیں۔ آئی فون 6 کی اسکرین چار اعشاریہ سات انچ کی ہے، وہیں آئی فون 6 پلس ساڑھے پانچ کی اسکرین کا حامل ہے۔
ماہرین کا خیال ہے کہ اسکرین کے حجم میں اضافے کی وجہ صارفین کو اینڈرؤڈ فونز کی طرف جانے سے روکنے کے لیے کیا گیا ہے۔
ان دونوں فونز میں نئی اے 8 چِپ اور ہائی اسکرین ریزوليوشن کے لیے ،ریٹینا ایچ ڈی‘ ٹیکنالوجی استعمال کی گئی ہے۔
یہ نئے آئی فون آئی او ایس 8 آپریٹنگ نظام پر کام کریں گے جو 18 ستمبر سے دستیاب ہوگا۔
کمپنی کے مطابق آئی فون 6 اور 6 پلس 19 ستمبر سے عالمی بازار میں دستیاب ہوں گے اور امریکہ میں یہ دو برس کے معاہدے پر 199 ڈالر سے 499 ڈالر تک کی قیمت پر ملیں گے۔
We Recommend
|