راولپنڈی اسلام آباد میں سیکورٹی انتہائی سخت کر دی گئی ہے ، مختلف مقامات پر ناکے لگائے گئے ہیں جہاں پولیس اور پاک فوج کے جوان تعینات ہیں۔ موبائل فون سروس صبح چھ بجے سے بند ہے ۔

سیکورٹی فورسز نے 23 مارچ کی پریڈ ناکام بنانے کیلئے سرگرم دہشت گردوں کے خلاف آپریشن تیز کر دیا ہے ۔ مختلف شہروں میں پولیس اور رینجرز ہائی الرٹ ہیں جبکہ مشتبہ دہشت گردوں کو گرفتار کیا جا رہا ہے۔کوئٹہ میں پولیس اور ایف سی نے مشترکہ کارروائی کر کے 25 افراد کو حراست میں لے لیا۔
لاہور میں بھی مختلف علاقوں میں سرچ آپریشن کے دوران متعدد افراد گرفتار کئے گئے ادھر راولپنڈی میں سیکورٹی اداروں نے ہوٹلوں کو خالی کرانا شروع کر دیا ہے ۔
حکام نے ہوٹل مالکان کو 3 روز تک کسی مسافر کو ہوٹل میں نہ ٹھہرانے کی ہدایات بھی جاری کی ہیں ۔ دوسری طرف پریڈ ایونیو آنے والی تمام اہم شاہراہیں ہر قسم کی ٹریفک کیلئے بند کر دی گئی ہیں ۔ پریڈ ایونیو کے قریبی علاقوں آئی ایٹ، آئی نائن ، فیض آباد ، مارگلہ ٹاؤن، راول ٹاؤن، سوہان، زیروپوائنٹ، جی سکس، جی سیون سمیت دیگر رہائشی علاقوں میں موبائل فون سروس صبح چھ بجے سے بند ہے ۔
راولپنڈی اسلام آباد میں سیکورٹی انتہائی سخت کر دی گئی ہے ، مختلف مقامات پر ناکے لگائے گئے ہیں جہاں پولیس اور پاک فوج کے جوان تعینات ہیں۔
سات سال بعد ہونے والی یوم پاکستان کی پریڈ میں بری، بحری اور فضائی دستوں کے علاوہ پہلی بار خواتین کمانڈوز بھی پریڈ میں شریک ہوں گی۔پریڈ کے دوران پاک فضائیہ کے مشاق اورایف سولہ طیارے شاندار فلائی پاسٹ پیش کریں گے۔