|
ھوئے تم دوست جس کے!!!۔۔ از:عالم آرا۔ وینکوور ۔ کینیڈا
14.05.2015, 01:01am , جعمرات (GMT+1)
آج ایک پروگرام میں ایک دوست اپنے پرانے دوست کی پولیں جس طرح کھول رہے تھے ۔اس نے ہمیں یہ سوچنے پر مجبور کر دیا کہ واقعئی اگر دوست سچے ہوں تو انہیں اب اُٹھ کھڑا ہونا چاہئے ۔اور اپنے دوستوں کو اس آگ سے بچانے کی کوشش کرنی چاہئے جو اللہ کے یہاں تیار ہے نا فرمانوں ،مال لوٹ کر کھا جانے والوں ،دھوکہ دے کر کمانے والوں اور اپنے ملک کو نقصان پہنچانے والوں کے لئے۔
ہمیں بہت اچھا لگا کہ لوگ اب اس طرف بھی سوچ رہے ہیں کہ عُمرِعزیز تیزی سے کم ہورہی ہے کہ دنیا کی زندگی ایک عام انسان کے لئے ستر ،اسی سے زیادہ نہیں ہوتی کہ اسکے بعد قویٰ بھی جواب دے جاتے ہیں اور عقل و سمجھ میں بھی کمی ہو جاتی ہے بس بہت کم ایسے بندہ خدا ہوتے ہیں جو اپنی اآخری عمر تک بھی تمام نعمتوں سے مالا مال رہتے ہیں ، دماغی اور روحانی صحت کے ساتھ ۔اس لئے عمرِ عزیز کے گزرنے کی گھنٹی بجتی ہی رہتی ہے ۔ہمیں خوشی ہوئی کہ کچھ دوستوں نے سچ بولنے کی ٹھان لی ہے ۔مگر افسوس اس وقت ہوگا جب پہلے کی طرح تمام صدائیں صدا بہ صحرا ہی ثابت ہونگی جو انتہائی غیر اخلاقی اور غیر زمے دارانہ فعل ہے ۔کیونکہ جب اتنے کھلے کھلے الزام لگائے جائیں (کیونکہ جب تک ثابت نہ ہوں الزام ہی رہتے ہیں )تو ان پر حکومت کا ہوش میں نہ اآنا یا اُن اداروں کا کچھ نہ کرنا جو اسکی تحقیق اور سزائوں کے دینے میں با اختیار ہیں تکلیف دہ لگتا ہے بلکہ شاید ان چھُو ٹوں کی وجہ سے ہی دوسرے بھی کمر باندھتے ہیں ۔بے ایمانی اور بے جا کمائی پر ۔
جن بڑے بڑے ناموں کا زکر ہو رہا ہے ان کی تفتیش لازمی ہونی چاہئے ۔ان کو مصلحت اور دوستی پر غالب نہ اآنا چاہئے ۔کہ مثل مشہور ہے کہ چور کا بھائی گرہ کٹ ہوتا ہے ۔مشکل یہ اآپڑی ہے شاید کہ ایک منی لانڈرنگ تو کُھل رہی ہے لیکن وہ ساری منی لانڈرنگز جن کا چرچا سالوں پر محیط ہے انہیں کھولنے کا حوصلہ کوئی اآج تک نہ کرسکا کہ ان میں سمدھی ۔سالے اور بہنوئی نہ جانے کون کون سے رشتے ملوث ہیں ۔ہماری تو صرف ایک استدعا ہے کہ سچ کی ہمت کی ہے تو اسے سب کے سامنے لاؤ اور جیسا کہ سابق وزیرِ داخلہ نے کہا ہے سب کو چوک پر لٹکاؤ تاکہ ملک کو لوٹنے والے اپنے انجام کو پہنچیں اور پھر کوئی ہمت نہ کر سکے بے ایمانی اور بھتہ خوری اور ناجائز قبضوں کی ۔
زمینیں جس طرح لوگوں نے قبضہ کی ہیں اور کچھ کو پلاٹ دے دے کر یا سستے داموں فروخت کر کے جو بادشاہ بنائے گئے ہیں انہیں بھی منظرِعام پر لا نا چاہئے ۔کیونکہ یہ بھی ایک قسم کی دھشت گردی اور قبضہ ہی ہے جو ملک کی املاک کو تباہ کرتا ہے اور ملک بجائے ترقی کرنے کے کچھ جیبوں میں چلا جاتا ہے ۔اور دوسرے ممالک ہمارے پیسوں سے مزے کرتے ہیں اور ہم بیچارے صرف شور مچاتے رہ جاتے ہیں ۔
ہمارا تو کہنا ہے کہ اگر جاگ گئے ہو تو پوری طرح جاگ جاؤ کہ وقت بہت تیزی سے گزر رہا ہے سال ایسے جاتے ہیں کہ جیسے اآئے ہی نہیں تھے اور ہم وہیں کھڑے ملتے ہیں جہاں تھے ۔اب اگر کچھ اچھا کرنے کی کچھ دوستوں کو اآگ سے بچانے کی کوشش شروع کر ہی دی ہے تو قدم بڑھاؤ ہم تمہارے ساتھ ہیں کہ ہم ہر اچھائی میں ساتھ ہوتے ہیں اور برائی کی نشاندہی کو فرض سمجھتے ہیں ۔ہم نے پہلے بھی لکھا پھر لکھتے ہیں کہ ہمارے ان تمام ملک کے بہی خواہوں کو چاہئے کہ سب ہی ،جو جو ڈھکی چھپی باتیں کرپشن کی جانتے ہیں وہ کھول دیں تاکہ ہم اآگے بڑھ سکیں ۔
کچھ وزرا اور عہدے دار بھی ملوث بتائے جاتے ہیں ۔ہم حیران ہیں کہ نہ تو انکی طرف سے تردید اآتی ہے اور نہ ہی وہ شرمندہ محسوس ہوتے ہیں کہ ایک زمانہ تھا جب کسی کے خلاف اگر ایسی کوئی بات میڈیا میں اآجاتی تھی تو وہ فورا`اپنی صفائی پیش کرتے تھے ۔اور ان ممالک میں جہاں کے دورے اور فضائیں ہمارے حکمرانوں کو بہت موافق بھی اآتی ہیں اور پسند بھی ہیں وہاں اگر کسی پر کرپشن کا الزام لگے چاہے جھوٹا یا سچا وہ سب سے پہلے اپنی سیٹ سے دستبردار ہو جاتا ہے ۔تاکہ کسی قسم کا کوئی دباؤ جانچ کرنے والوں پر نہ پڑے اور جانچ کرنے والے ادارے ایسے ہوتے ہیں کہ وہ صرف تحقیق اور حقیقت پر نظر رکھتے ہیں ،کس کے خلاف ہے کون پکڑا گیا انہیں اس سے کو ئی سرو کار نہیں ہوتا ۔وہ حق بات کو سامنے لاتے ہیں اور بس ۔یہ ہی وجہ ہے کہ انکے یہاں انصاف ایسا ہوتا ہے جیسا ہمارے ملک میں ہونا چاہئے تھا کہ ہمیں تلقین کی گئی ہے کہ انصاف سے کام لو ۔اور عدل کا نظام قائم کرو ۔
ہم پھر ان دوستوں کو متوجہ کرینگے جن کے پیٹ میں بہت سے راز دفن ہیں دوستوں کے ۔وقت ہے کہ کچھ اچھا کر جائیں ۔کہ سب کچھ یہیں رہ جانا ہے صرف وہ ہی ساتھ جائیگا جو اچھا کیا ۔ ورنہ یہاں کی اآگ سات سمندروں سے دُھلی ہوئی ہے ؟؟؟ اللہ میرے ملک کو شاد اآباد رکھے آمین
|