|
امریکی پولیس ہر روز دو سے زیادہ افراد کو ہلاک کرتی ہے،واشنگٹن پوسٹ
31.05.2015, 12:35pm , اتوار (GMT+1)
امریکی اخبار ’واشنگٹن پوسٹ‘ کے ایک جائزے کے مطابق اس سال کے پہلے پانچ ماہ کے دوران امریکا میں پولیس نے 385 افراد کو گولی مار کر ہلاک کیا۔ اخبار کے مطابق اس طرح امریکی پولیس اہلکاروں کی گولیوں سے ہونے والی اموات کی روزانہ شرح 2.6 بنتی ہے۔ وفاقی پولیس ایف بی آئی کے اعداد و شمار میں گزشتہ عشرے کے دوران روزانہ شرح محض 1.1 بتائی گئی ہے۔ ’واشنگٹن پوسٹ‘ کی اس رپورٹ کے بعد پولیس کی جانب سے طاقت کے حد سے زیادہ استعمال سے متعلق بحث پھر سے شروع ہو سکتی ہے۔ گزشتہ چند مہینوں کے دوران پولیس کی جانب سے خاص طور پر غیر مسلح سیاہ فاموں کی ہلاکت کے واقعات کے بعد ہنگامے دیکھنے میں آئے ہیں۔
|