
پاکستان اور دنیا کے دیگر ممالک میں مقیم پاکستانیوں کی طرح سڈنی میں آباد پاکستانی کمیونٹی نے جشن آزادی روایتی جوش و خروش اور بڑے اہمتمام سے منایا۔
اس سلسلے میں بڑی خوبصورت و پروقار تقریب پاکستان قونصلیٹ جنرل جناب عبدالعزیز عقیلی کی رہائش گاہ پرمنعقد ہوئی ۔ تقریب کا آغاز صبح دس بجے تلاوت اللہ پاک سے ہوا جو پاکستانی کمیونٹی کی ممتاز شخصیت محترم نذیر الحسن تھانوی صاحب نے کی جس کا ترجمہ اردو اور انگلش دونوں زبانوں میں کیا ۔
اس کے بعد پرچم کشائی کی تقریب پس منظر میں قومی ترانے کے ساتھ کی گئی ۔
پھر اسکولوں کے بچوں نے جو پاکستانی پرچم کو بلند کیے ھوئے تھے ، سبز رنگ کے دلکش کپڑوں میں ملبوس ، چہروں پر اپنے پیارے وطن سے محبت کی سرخی اور عزم لیے ملی نغموں پر شاندار پرفارمنس دی جس کی تیاری پاکستان آسٹریلیا ایسوسی اشن کی جنرل سیکرٹری شفق تعظیم نقوی نے کرائی تھی جس کی داد انہوں نے سب سے وصول کی ۔
پاکستان کے قونصل جنرل عزت ماب عبد العزیز عقیلی صاحب نے صدر پاکستان ممنون حسین اور وزیر اعظم محمد نواز شریف کے پیغامات پڑھ کر سنائے اور اپنے خطاب میں ان قربانیوں ومسائل کا ذکر کیا جن سے 14 اگست 1947 سے پاکستان نبرد آزما ہے ۔
اس کے ساتھ ہی اپنے دور حکومت کی کامیاب پالیسیوں کے زکر کے ساتھ ساتھ آنے والے منصوبوں کا زکر بھی کیا۔ تقریب کے اختتام پر جناب نذیر الحسن تھانوی صاحب نے بڑی خوبصورت دعا کی اور پاکستان کی تعمیر وترقی و سالمیت کے لیے دعا کی ۔
اس تقریب کی کمپرینگ ڈپٹی قونصل جنرل محترمہ بشری اسلام نے کی اور انہوں نے ہی وزیر اعظم میاں نواز شریف کا پیغام اردو اور انگریزی میں پڑھ کر سنایا تھا ۔

ورکنگ ڈے ہونے کے باوجود تقریب میں خواتین بچوں اور مرد حضرات بہت زیادہ تعداد میں موجود تھے ۔
صبح کے ناشتے کا اہتمام پاکستان قونصل جنرل کی طرف سے تھا جسے “ دیسی ہٹ “ والوں نے تیار کیا تھا ۔ جن میں گرما گرم حلوہ پوری ، چھولے ، نہاری نان اور حلیم تھا جس کو سب نے بہت پسند کیا ۔
ہر چہرہ شاد تھا ۔آزادی کی اس پروقا تقریب میں سب کی شمولیت بے حد خوشی اور اطمینان کا باعث تھی۔ خاطر مدارت کے بعد قونصل جنرل عبدل العزیزعقیلی صاحب اور ان کی اہلیہ محترمہ شبانہ عقیلی نے ہر ایک کا شکریہ ادا کیا
اس خوبصورت اور باوقار تقریب کے انعقاد پر تمام شرکاء نے سڈنی میں پاکستانی قونصل خانے کے تمام افراد کو مبارک باد دی اور ان کا شکریہ ادا کیا ۔