|
روس کے لیجنڈری اداکار نے 84 سال کی عمر میں 24 سالہ شاگرد سے شادی کر لی
15.09.2015, 08:38am , منگل (GMT+1)
روس کے لیجنڈری اداکار آئیوان کریسکو نے 84 سال کی عمر میں اپنی سابقہ شاگرد جس کی عمر صرف 24 سال ہے سے شادی کر لی ہے۔ موصوفہ انھیں عشقیہ شاعری لکھ کر بھیجتی تھی۔ ماسکو: (ویب ڈیسک) غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق روس کے مشہور اداکار آئیوان کریسکو نے 84 سال کی عمر میں شادی کر لی ہے۔
خیال رہے کہ ان کی دلہن نتالیا شیول کی عمر صرف 24 سال ہے اور وہ ان کی سابقہ شاگرد ہے جو اس معمر اداکار کے عشق میں مبتلا ہو کر انھیں محبت نامے بھیجتی تھی۔ آئیوان کریسکو اور نتالیا شیول کے اس بے جوڑ رشتے کو دنیا بھر میں سخت تنقید کا نشانہ بنایا جا رہا ہے تاہم دونوں کو اس کی قطعی پرواہ نہیں ہے۔ نوبیاہتا جوڑے کا کہنا ہے کہ ان کا رشتہ کہیں جنت میں ہی طے پا گیا تھا۔ وہ تو بس دنیا میں اس کو نبھانے آئے ہیں۔ آئیوان کریسکو نے کہا ہے کہ انھیں پتا ہے کہ ان کی دلہن ان سے عمر میں 60 سال چھوٹی ہیں تاہم وہ ان سے اپنے خاندان کی شروعات کرنے کی خواہش رکھتے ہیں۔
واضع رہے کہ آئیوان کریسکو کا شمار روس کے لیجنڈری اداکاروں میں ہوتا ہے۔ انہوں نے مختلف فلموں میں 140 سے زائد کردار ادا کئے ہیں۔ معمر روسی اداکار کی اس سے قبل بھی تین شادیاں ہو چکی ہیں۔ یہ تینوں سابقہ بیویاں بھی ان سے عمر میں بہت چھوٹی تھیں۔ شادی کی تقریب سے پہلے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے نوبیاہتا جوڑے نے بتایا کہ وہ ایک پل بھی ایک دوسرے کے بغیر زندگی گزارنے کا سوچ بھی نہیں سکتے۔ آئیوان کریسکو اور نتالیا کی شادی سینٹ پیٹرسبرگ میں انجام پائی جن میں دونوں کے قریبی رشتہ داروں، عزیز واقارب اور دوستوں نے شرکت کی۔
|