لالہ سدھیر کی وفات
٭19 جنوری 1997ء کوپاکستان کے نامور فلمی اداکار لالہ سدھیر لاہور میں وفات پاگئے۔
لالہ سدھیر کا اصل نام شاہ زمان خان تھا اور وہ 25 جنوری 1921ء کو لاہور میں پیدا ہوئے تھے۔ لالہ سدھیر کی فلمی زندگی کا آغاز قیام پاکستان سے پہلے بمبئی میں بننے والی فلم فرض سے ہوا تھا۔ قیام پاکستان کے بعد انہوں نے ہدایت کار شیخ محمد حسین کی فلم ہچکولے سے اپنے پاکستانی کیریئر کا آغاز کیا ، تاہم ان کی اصل شہرت کا آغاز ہدایت کار سبطین فضلی کی فلم دوپٹہ سے ہوا۔اس فلم میں ہیروئن کا کردار ملکہ ترنم نورجہاں نے ادا کیا تھا۔
سدھیر کی دیگر فلموں میں باغی، مرزا غالب، انار کلی، آخری چٹان، سسی، یکے والی، ماہی منڈا، چھوٹی بیگم، چڑھدا سورج، مرزا صاحباں، باغی ، چٹی،سوسائٹی، آنکھ کا نشہ، جان بہار، کرتا ر سنگھ،گڈی گڈا،دلا بھٹی،یار بیلی، جھومر، کالا پانی، عجب خان، ماں پتر، لاٹری ، اَن داتا اور سن آف اَن داتاکے نام سرفہرست ہیں۔
لالہ سدھیر نے 400 سے زیادہ فلموں میں کام کیا اور فلم ماں پتر اور لاٹری میں بہترین اداکاری کے نگار ایوارڈز حاصل کئے۔ 1981ء میں انہیں 30 سالہ فلمی خدمات پر حسن کارکردگی کے خصوصی نگار ایوارڈ سے نوازا گیا۔انہوں نے فلمی اداکارہ شمی اور زیبا سے شادیاں کی تھیں۔وہ لاہور میں ڈیفنس کے قبرستان میں آسودۂ خاک ہیں۔
------------------------------------------------------------------------------------------------------------
حبیب الرحمن کی وفات
٭19 جنوری 1984ء کو ہاکی کے مشہور کھلاڑی حبیب الرحمن کراچی میں وفات پاگئے۔
حبیب الرحمن 10 اگست 1925ء کو بھوپال میں پیدا ہوئے تھے۔ انتہائی کم عمری میں ان کا کھیل دیکھ کر عظیم کھلاڑی دھیان سنگھ نے ان کی تعریف کی تھی اور ان کے روشن مستقبل کی پیش گوئی کی تھی۔
حبیب الرحمن نے قیام پاکستان کے بعد 1952 کے ہیلسنکی اور 1956ء میلبرن اولمپکس اور 1958ء کے ٹوکیو کے ایشیائی کھیلوں میں پاکستان کی نمائندگی کی تھی، وہ انٹرنیشنل امپائر اور پاکستانی ہاکی ٹیم کے کوچ بھی رہے تھے۔
-------------------------------------------------------------------------------------------------------------
مبارک شاہ کی وفات
٭19 جنوری 2001ء کو پاکستان کے مشہور ایتھلیٹ مبارک شاہ راولپنڈی میں وفات پاگئے اور راولپنڈی ہی میں آسودۂ خاک ہوئے۔
مبارک شاہ 1931ء میں میانوالی میں پیدا ہوئے تھے۔ ان کا تعلق پاکستان کے بری فوج سے تھا اور وہ آنریری کیپٹن کے عہدے سے ریٹائر ہوئے تھے۔ 1958ء میں ٹوکیو میں منعقد ہونے والے تیسرے ایشیائی کھیلوں میں انہوں نے تین ہزار میٹر رکاوٹوں والی دوڑ میں طلائی تمغہ جیتا تھا جبکہ 1962ء میں جکارتہ میں ہونے والے چوتھے ایشیائی کھیلوں میں انہوں نے پانچ ہزار میٹر کی دوڑ میں نہ صرف طلائی تمغہ جیتا تھا بلکہ نیا عالمی ریکارڈ بھی قائم کیا تھا۔