کراچی: وسیم اخترکی 20،رؤف صدیقی کی 23مقدمات میں ضمانت میں توسیع
کراچی میں انسداد دہشتگردی عدالت نے ایم کیو ایم رہنما وسیم اختر کے بیس اور رؤف صدیقی کے تئیس مقدمات میں ضمانت میں بائیس فروری تک توسیع کردی، جبکہ ایم کیو ایم قائد سمیت مفرور ملزمان کے ایک بار پھر نا قابل ضمانت وارنٹ جاری کردیئے۔ایم کیو ایم قائد کی اشتعال انگیز تقاریر میں سہولت کاری کے الزام کے باعث وسیم اختر اور رؤف صدیقی ضمانت کیلئے اے ٹی سی میں پیش ہوئے۔
عدالت میں سماعت کے دوران جج نے وسیم اختر کو بیس جبکہ روف صدیقی کو تئیس مقدمات میں بائیس فروری تک ضمانت میں توسیع کردی۔
عدالت کے باہرمیڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے رؤف صدیقی کا کہنا تھا کہ تمام مقدمات جھوٹ کی بنیاد پر درج کیے گئے ہیں، مقدمات کا ڈٹ کر مقابلہ کریں گے۔دوسری جانب نامزد مئیر کراچی وسیم اخترنے سندھ اسمبلی میں ٹیکسز کیخلاف پیش کردہ قرارداد پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ ٹیکسز کی بھرمار ہے اور ترقی کہیں نہیں ہورہی، پی پی حکومت نے پہلے دیہی علاقے تباہ کیے اب شہری علاقوں کو ٹیکس لگا کر تباہ کر رہی ہے