
ممتاز محمد خان دولتانہ کی پیدائش
٭ پاکستان کے نامور سیاستدان میاں ممتاز محمد خان دولتانہ 23 فروری 1916ء کو ضلع ملتان میں پیدا ہوئے تھے۔ ان کے والد میاں احمد یار خان دولتانہ ایک پرانے سیاستدان تھے جو 1920ء سے 1937ء تک مسلسل پنجاب کی قانون ساز کونسل کے رکن منتخب ہوتے رہے تھے۔ ان کی وفات کے بعد میاں ممتاز محمد خان دولتانہ 1943ء میں پنجاب اسمبلی کے رکن منتخب ہوئے۔
قیام پاکستان کے بعد وہ پنجاب مسلم لیگ کے صدر ، پنجاب کے صوبائی وزیر خزانہ اور وزیراعلیٰ اور مرکزی وزیر دفاع کے مناصب پر فائز رہے۔ 1970ء میں وہ کونسل مسلم لیگ کی جانب سے قومی اسمبلی کے رکن منتخب ہوئے تاہم ملک میں پیپلزپارٹی کی حکومت قائم ہونے کے بعد وہ اسمبلی کی رکنیت سے مستعفی ہوکر انگلستان میں پاکستان کے سفیر بن گئے اور یوں وہ عملی سیاست سے تقریباً دست کش ہوگئے۔30جون 1995ء کو میاں ممتاز محمد خان دولتانہ وفات پاگئے۔وہ لڈن موجودہ ضلع وہاڑی میں آسودۂ خاک ہوئے۔
----------------------------------------------------------------------------------------------------
مدھو بالا کی وفات
٭14 فروری 1933ء برصغیر کی مشہور فلمی اداکارہ مدھو بالا کی تاریخ پیدائش ہے۔
مدھو بالا کا اصل نام ممتاز جہاں بیگم تھا۔ انہوں نے 1942ء میں 9 سال کی عمر میں فلم بسنت سے اپنے فلمی کیریئر کا آغاز کیا۔ اس فلم میں وہ اداکارہ ممتاز شانتی کی بیٹی بنی تھیں۔ مشہور فلم ساز دیویکا رانی نے انہیں مدھوبالا کا فلمی نام دیا۔ 1947ء میں انہوں نے کیدار شرما کی فلم نیل کمل میں راج کپور کے مقابلے میں مرکزی کردار ادا کیا۔ مدھو بالا کی مشہور فلموں میں محل، دلاری، دولت، اپرادھی، نادان، ساقی، سنگدل، امر، نقاب، پھاگن، کلپنی، ہائوڑا برج، بارات کی رات، مغل اعظم، شرابی اور جوالا کے نام سرفہرست ہیں۔
مدھو بالا اداکار دلیپ کمار سے شادی کرنا چاہتی تھیں مگر ایسا ممکن نہ ہوسکا۔ انہوں نے 1960ء میں مشہور گلوکار اور اداکار کشور کمار سے سول میرج کرلی۔ 23 فروری 1969ء کو ان کا انتقال ہوگیا۔
-----------------------------------------------------------------------------------------------------
موئن جوڈارو کے کھنڈرات کی کھدائی کی پچاسویں سالگرہ کے موقع پریادگاری ڈاک ٹکٹ کا اجرأ
* 23فروری 1972 ء کو پاکستان کے محکمہ ڈاک نے موئن جوڈارو کے کھنڈرات کی کھدائی کی پچاسویں سالگرہ کے موقع پر20پیسے مالیت کاایک یادگاری ڈاک ٹکٹ جاری کیا۔ یہ ڈاک ٹکٹ پاکستان سیکیورٹی پرنٹنگ کارپوریشن کے ڈیزائنر عادل صلاح الدین نے ڈیزائن کیا تھا اور اس پر
MOENJODARO EXCAVATIONS FIFTIETH ANNIVERSARY
کے الفاظ تحریر تھے ۔
------------------------