کراچی میں قانون نافذ کرنے والے اداروں کی جرائم پیشہ افراد کے خلاف کارروائیاں جاری ہیں۔ ملیر جعفر طیار سوسائٹی اور غریب آباد سے رینجرز نے ٹارگیٹڈ آپریشن کے دوران دس مشتبہ افراد کو حراست میں لے لیا۔ ایف آئی اے نے چار ملزمان کو پکڑ لیا۔
ملیر جعفر طیار سوسائٹی میں رینجرز نے ٹارگیٹڈ کارروائی کی۔ ذرائع کے مطابق کارروائی کے دوران رینجرز نے پانچ مشتبہ افراد کو حراست میں لے لیا۔ ٹارگیٹڈ کارروائی کے دوران حراست میں لئے گئے افراد کو نامعلوم مقام منتقل کرکے ان سے تفتیش کی جا رہی ہے۔
غریب آباد کے علاقے میں بھی رینجرز نے سرچ آپریشن کے دوران پانچ مشتبہ افراد کو حراست میں لے لیا۔
ایف آئی اے نے کارروائی کرتے ہوئے چار ملزمان کو گرفتار کر لیا۔
ایف آئی اے حکام کے مطابق ملزمان جعلی تعلیمی اسناد بنانے میں ملوث ہیں اور ملزمان کے قبضے سے جعلی دستاویزات بھی برآمد ہوئیں ہیں۔