کراچی میں رینجرز نے مختلف کارروائیوں میں سات افراد کو حراست میں لے لیا۔ پولیس نے تیموریہ اور جونا مارکیٹ کے قریب کارروائی کرتے ہوئے پانچ ملزمان سمیت آٹھ مشتبہ افراد کو حراست میں لے لیا ہے۔
رینجرز نے مکا چوک اور عائشہ منزل کے قریب رینٹ اے کار کی دکان پر چھاپہ مار کر 7 افراد کو حراست میں لے لیا ہے۔ ذرائع کے مطابق مکا چوک عزیز آباد کے قریب سیاسی جماعت کے سیکٹر آفس سے متصل رہائشی عمارت سے ایک شخص کو جبکہ عائشہ منزل کے قریب رینٹ اے کار کی دکان پر چھاپہ مار کر چھ افراد کو حراست میں لے لیا گیا ہے، تمام افراد کو نامعلوم مقام پر منتقل کرکے تفتیش کی جارہی ہے۔
دوسری جانب پولیس نے تیموریہ میں کارروائی کرتے ہوئے 3 ملزمان سمیت 6 مشتبہ افراد کو حراست میں لے لیا جبکہ جونا مارکیٹ کے قریب مقابلے کے بعد 2 ملزمان زخمی حالت میں گرفتار کرلئے۔ پولیس کے مطابق ملزمان کے قبضے سے اسلحہ برآمد ہوا جبکہ ملزمان اسٹریٹ کرائمز کی متعدد وارداتوں میں ملوث ہیں۔