پاناما پیپرز نواز حکومت کیلئے درد سر بن گیا۔ سید خورشید شاہ اور شاہ محمود قریشی کے درمیان رابطے کے بعد اپوزیشن جماعتوں نے معاملہ پارلیمنٹ میں لے جانے کا فیصلہ کر لیا ہے۔
پاناما پیپرز کے معاملے پر وزیراعظم نوازشریف کا قوم سے خطاب اور جوڈیشل کمیشن کے قیام کا اعلان بھی حزب اختلاف کی جماعتوں کے غصے کو ٹھنڈا نہ کر سکا۔ اپوزیشن کی بیشتر سیاسی جماعتوں نے ریٹائرڈ ججوں پر مشتمل کمیشن کے قیام کو مسترد کر دیا ہے۔ متحدہ اپوزیشن کی جانب سے حکومت کو نوازفیملی کی آف شور کمپنیوں کے معاملے پر ٹف ٹائف دینے کا فیصلہ بھی کر لیا ہے۔
ذرائع کے مطابق تحریک انصاف کے شاہ محمود قریشی نے قائد حزب اختلاف خورشید شاہ سے ٹیلیفونک رابطہ کیا ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے دونوں قائدین نے جمعرات کو ہونے والے قومی اسمبلی کے اجلاس میں حکومت پر دباؤ مزید بڑھانے کے لئے حکمت عملی تیار کرنے سے متعلق بات چیت کی ہے۔ اس حوالے سے اپوزیشن جماعتوں کا اہم اجلاس بھی جلد متوقع ہے۔ اپوزیشن جماعتوں کے اجلاس میں حکومت کو پاناما لیکس کے معاملے پر پارلیمنٹ کے اندر اور باہر زچ کرنے کے لئے حکمت عملی تیار کرنے پر غور کیا جائے گا۔