خانیوال میں سی ٹی ڈی کے چھاپے کے دوران خودکش بمبار نے خود کو دھماکے سے اڑا لیا۔ مقابلے میں کالعدم تنظیم کے 3 دہشتگرد ہلاک جبکہ دو فرار ہوگئے۔
جہانیاں کے علاقے اڈا لکی ٹبی کے قریب خفیہ اطلاع پر سی ٹی ڈی اور پولیس نے مشترکہ کارروائی کی۔ کارروائی کے دوران دہشتگردوں نے پولیس
اہلکاروں کو دیکھتے ہی فائرنگ شروع کردی۔ مقابلے میں 3 دہشتگرد مارے گئے جبکہ گرفتاری کے خوف سے ایک دہشتگرد نے خود کو دھماکے سے اڑالیا۔ رات کی تاریکی کا فائدہ اٹھاتے ہوئے دو دہشتگرد بھاگنے میں کامیاب ہوگئے
پولیس کے مطابق مارے گئے دہشتگردوں کی شناخت ہوگئی ہے۔ مبینہ دہشتگردوں میں اسرار قاسمی، حسن مجید، وقاص اور انور شامل ہیں۔ جن کا تعلق ملک کے مختلف علاقوں سے ہے۔ دہشتگردوں کے قبضے سے بھاری تعداد میں اسلحہ اور خود کش جیکٹ بھی برآمد ہوئی ہے۔ سی ٹی ڈی کے مطابق ہلاک ملزمان ملتان میں حساس تنصیبات کو نشانہ بنانے کی منصوبہ بندی کررہے تھے۔ لاشوں کو خانیوال منتقل کردیا گیا ہے۔