برطانوی سیاست میں پانامہ لیکس سے پیدا ہونے والی ہلچل بڑھنے لگی۔ پارلیمنٹ میں ڈیوڈ کیمرون کو لیبر پارٹی کی کڑی تنقید کا سامنا کرنا پڑا۔ برطانوی وزیر اعظم نے اپنے والد پر لگنے والے الزامات کو افسوسناک قرار دیتے ہوئے انہیں رد کردیا۔
پانامہ لیکس کا شاخسانہ، برطانوی وزیر اعظم پر دباؤ بڑھنے لگا۔ ٹیکس تفصیلات جاری کرنے کے بعد بھی ڈیوڈ کیمرون کو اپوزیشن کی کڑی تنقید کا سامنا ہے۔ پارلیمنٹ میں صفائیاں پیش کرتے ہوئے ڈیوڈ کیمرون کا کہنا تھا کہ والد محنتی انسان تھے۔ ان پر لگنے والے الزامات غلط اور افسوسناک ہیں۔ کیمرون نے وضاحت کی کہ وزیر اعظم کا عہدہ سنبھالنے کے بعد ان کا آف شور کمپنی میں کوئی شیئر نہیں تھا۔ ٹیکس ریکارڈ کو جاری کرنا میرے لیے ضروری تھا۔
انہوں نے کہا کہ بہت سے لوگوں نے بیرون ملک سرمایہ کاری کر رکھی ہے۔ ٹیکس کے نظام کی خرابیاں دور کرنے کے لیے قانون میں تبدیلیاں لارہے ہیں۔
اپوزیشن لیبر پارٹی نے وزیر اعظم کو کڑی تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے سخت سوالات کیے۔
برطانوی وزیر خزانہ جارج اوسبورن اور لیبر پارٹی کے رہنما جیریمی کوربین نے بھی اپنی ٹیکس تفصیلات جاری کردی ہیں۔