لندن میں مسلم لیگ ن کے کارکنان نے چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کی سابق اہلیہ جمائما گولڈ اسمتھ کے گھر کے باہراحتجاجی مظاہرہ کیا اور گو عمران گو کے نعرے لگائے۔برطانیہ میں ن لیگ کے صدر زبیر گل کی قیادت میں کارکنوں کی بڑی تعداد نے عمران خان کی سابق اہلیہ جمائما کی لندن میں رہائش گاہ کے باہر جمع ہو کر عمران خان کے خلاف شدید نعرے بازی کی۔
اس موقع پر مظاہرین نے موقف اختیار کیا کہ عمران خان نے برطانیہ میں فنڈ ریزنگ کا غلط استعمال کیا، جبکہ وزیراعظم نواز شریف کے خلاف ان کی جانب سے نامناسب زبان استعمال کی جو کسی سیاستدان کو زیب نہیں دیتی۔
دوسری جانب چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کا کہنا ہے کہ جمائما کے گھر کے باہر مسلم لیگ ن کے لوگوں نے مظاہرہ کیا۔ جس کا مقصد پاناما لیکس کے معاملے پر سے توجہ ہٹانا ہے۔واضح رہے کہ اس سے قبل پی ٹی آئی کے کارکنان نے وزیر اعظم نوازشریف کے خلاف لندن میں ہی مظاہرہ کیا تھا۔