وزیرداخلہ چوہدری نثارعلی خان کا کہنا ہے کہ پاکستان نے منشیات کے خاتمے کیلئے مضبوط ڈھانچہ بنادیا ہے، اب عالمی سطح پرانسداد منشیات کیلئے مشترکہ کوششوں کی ضرورت ہے۔اقوام متحدہ میں منشیات کے عالمی مسئلہ پر خطاب کے دوران وزیرداخلہ کا کہنا ہے کہ پاکستان کے جغرافیائی محل وقوع کی وجہ سے ہمیں کثیر الجہتی چیلینجز کا سامنا ہے۔
اس محل وقوع نے ہمیں نشہ آور اشیاء اور افیون کا شکار اور منشیات کے ٹرانزٹ ملک جیسے مسائل سے دوچار کیا ہے۔ انکا کہنا تھا کہ ہم سمجھتے ہیں کہ پیداواری ممالک، ٹرانزٹ ممالک اور متاثرہ ممالک میں منشیات کے محرکات مختلف نوعیت کے ہیں، پاکستان نے غیرقانونی منشیات کی لعنت سے نمٹنے کےلئے مضبوط اور جامع قانونی پالیسی اور انتظامی ڈھانچہ وضع کر رکھا ہے۔
وفاقی وزیر داخلہ کا کہنا ہے کہ ہمیں اس بات پر فخر ہے کہ ہم نے گزشتہ تین برسوں میں دنیا کو منشیات کی ایک ارب چھیاسی کروڑ ڈوزز سے محفوظ بنایا ہے، گزشتہ سال ہم نے تین سوبیالیس ٹن غیر قانونی منشیات پکڑیں، عالمی سطح پر منشیات کی روک تھام اور اس کام میں حصہ ڈالنے والے ممالک میں ہمارا شمار سرفہرست ممالک میں ہوتا ہے