پاناما لیکس پر چیف جسٹس کی سربراہی میں ہی کمیشن قابل قبول ہے، عمران خان
چیئرمین تحریک انصاف کا کہنا ہے کہ پاناما لیکس اسکینڈل کی تحقیقات کے لئے صرف چیف جسٹس کی سربراہی میں ہی کمیشن قابل قبول ہے۔ کمیشن کے لئے حکومت کے ٹی او آر قبول نہیں کریں گے۔پاکستان تحریک انصاف کے بیسویں یوم تاسیسس کے موقع پر اسلام آباد میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے حکومت کو کڑی تنقید کا نشانہ بنایا۔ انہوں نے کہا کہ جب تک حکمران ملک کی دولت لوٹ کر بیرون ملک اثاثے بناتے رہیں گے، ملک کبھی فلاحی ریاست نہیں بن سکے گا۔
عمران خان کا کہنا ہے کہ پاناما لیکس اسکینڈل کی تحقیقات کے لئے حکومت کے ٹی او آر کسی صورت قبول نہیں۔ ہم صرف وہی کمیشن مانیں گے۔ جس کی سربراہی چیف جسٹس کے سپرد ہو۔ عمران خان کا کہنا ہے کہ ملک سے کرپشن کے خاتمے کے لئے احتساب کے کڑے نظام کی ضرورت ہے۔یوم تاسیس کی مناسبت سے پارٹی قائدین اور کارکنوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ بیس سالہ جدوجہد میں ملک کو فلاحی ریاست بنانے کی کوشش کی۔
تقریر میں چیئرمین تحریک انصاف نے خیبرپختونخواہ اسمبلی کے اقلیتی رکن سردار سورن سنگھ کو شہید کرنے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ ملک میں اقلیتوں کو ان کے حقوق دینے کے لئے پاکستان تحریک انصاف اپنی جدوجہد جاری رکھے گی۔ پاکستان کو ایسا ملک بنائیں گے جس کی مثال پوری دنیا میں دی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں لوگ بھوک سے مررہے ہیں اور نوازشریف اربوں روپے کی میٹرو اور اورنج ٹرین سروس بنا رہے ہیں۔