پاکستان تحریک انصاف کے بانی رکن اکبر ایس بابر نے چیئرمین عمران خان اور ان کے ساتھیوں پر کرپشن کے سنگین الزامات عائد کر دیے۔ مستعفی ہونے کا بھی مطالبہ کر ڈالا۔ کہتے ہیں کہ احتساب کے بلند و بانگ دعوے کرنے والے خان صاحب خود احتساب کے راستے روک رہے ہیں۔اب تک کے پروگرام بے نقاب میں گفتگو کرتے ہوئے تحریک انصاف کے بانی رکن اکبر ایس بابر کا کہنا تھا کہ خیبر پختونخوا کے سابق احتساب کمشنر حامد خان نے وزیر اعلیٰ پرویز خٹک کے خلاف کرپشن کی تحقیقات شروع کیں تو انہیں استعفیٰ دینے پر مجبور کردیا گیا۔
عمران خان نے انٹرا پارٹی الیکشن پر جسٹس وجہیہ کو رپورٹ پیش کرنے پر انہیں بھی فارغ کردیا۔اکبر ایس بابر نے کہا کہ وہ عمران خان کو خط لکھ کر استعفے کا مطالبہ کر چکے ہیں۔ عمران خان کے کزن اور تحریک انصاف پنجاب کے پہلے صدر سعید اللہ خان نیازی، اٹک، مانسہرہ، راولپنڈی اور کراچی کے ضلعی صدور کا بھی یہی مطالبہ ہے۔اکبر ایس بابر کا کہنا تھا کہ عمران خان ایک مرتبہ پارٹی فنڈز میں کرپشن کے حوالے سے احتساب کی پیشکش کر چکے ہیں لیکن وہ عدالت میں الیکشن کمیشن کو پارٹی فنڈز کی تحقیقات کی اجازت دینے کے بیان سے مکر گئے۔