افغانستان میں آسٹریلیا کی ایک بزرگ خاتون امدادی کارکن کیتھرین جین وِلسن کو اغوا کر لیا گیا ہے۔ آسٹریلوی حکام کے مطابق یہ جاننے کے لیے شواہد جمع کیے جا رہے ہیں کہ اس خاتون کو کن حالات میں اغوا کیا گیا۔ دوسری جانب ننگر ہار صوبے کے گورنر کے ترجمان عطا اللہ خوگیانی کے مطابق یہ آسٹریلوی خاتون جلال آباد میں کشیدہ کاری کے ایک پراجیکٹ کی نگرانی کے لیے گئی تھی کہ اُسے نامعلوم نقاب پوش مسلح افراد نے اغوا کر لیا۔
خوگیانی کے مطابق اغوا کار پولیس کی وردیوں میں ملبوس تھے۔ اسی طرح ننگرہار کی پولیس کے سربراہ نے بھی اغوا کی اِس واردات کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ یہ خاتون بدھ کے روز جلال آباد پہنچی تھی۔ پولیس کے مطابق ابھی تک کسی گروپ نے اس واقعے کی ذمے داری قبول نہیں کی ہے اور نہ ہی کسی قسم کا کوئی رابطہ کیا ہے۔ بتایا گیا ہے کہ یہ خاتون بیس برسوں سے زائد عرصے سے اس خطّے میں فلاحی سرگرمیوں میں مصروف تھی۔