عراقی شیعہ رہنما مقتدیٰ الصدر کے حامیوں نے بغداد میں مظاہرہ کیا۔ اس دوران سینکڑوں مظاہرین بغداد کے گرین زون میں جا پہنچے جب کہ درجنوں مظاہرین زبردستی عراقی پارلیمان میں داخل ہو گئے۔
مقتدیٰ الصدر کے حامی عراق میں آئینی اصلاحات کا مطالبہ کر رہے ہیں اور ان کا کہنا ہے کہ عراقی حکومت اصلاحات کے لیے سنجیدہ نہیں ہے۔ اس واقعے کے بعد بغداد انتظامیہ نے گرین زون کی سکیورٹی میں اضافہ کر دیا ہے۔
عراقی دارالحکومت بغداد کے نواحی علاقے میں شیعہ زائرین کے ایک قافلے کو کاربم حملے سے نشانہ بنایا گیا۔ تا حال اطلاعات کے مطابق اِس خود کُش حملے سے 23 افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔ سکیورٹی اور طبی ذرائع کے مطابق اس دہشت گردانہ حملے میں درجنوں افراد زخمی ہوئے ہیں۔
شیعہ زائرین شمالی بغداد کے نواح میں امام موسیٰ کاظم کے روضے پر سالانہ برسی میں شرکت کے لیے وہاں جمع ہونا شروع ہو گئے ہیں۔ امام کے روضے والے علاقے نہروان میں بم کو نصب کیا گیا تھا۔ اسلامک اسٹیٹ نے اِس حملے کی ذمہ داری قبول کرنے کا اعلان کیا ہے۔