ملک بھر میں گرمی کی شدت میں اضافہ ہوتا جا رہا ہے، دادو میں درجہ حرارت اڑتالیس سینٹی گریڈ تک پہنچ گیا، اسلام آباد میں سینتیس، کراچی اور لاہور میں درجہ حرارت تینتیس تک پہنچ چکا ہے،آئندہ چوبیس گھنٹوں کے دوران ملک کے بیشتربالائی علاقوں میں موسم آلود رہنے کا امکان ہے، خیبر پختونخوا،فاٹا،اسلام آباد۔ سمیت بالائی علاقوں میں میگھا برسنے کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات نے آئندہ چوبیس گھنٹوں کے دوران اسلام آباد، فاٹا،کے پی،پنجاب، آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان میں وقفے وقفے سے بارش کی پیش گوئی کی ہے۔جبکہ بالائی سندھ اور شمال مشرقی بلوچستان میں بدھ کے روز تیز اور گرد آلود ہواؤں کے ساتھ بارش کا امکان ہے
ملتان میں بھی سورج کو جلال آگیا ہے۔ گرمی کی شدت نے شہریوں کو بے حال کردیا ہے۔ لیکن محکمہ موسمیات نے ملتانیوں کو بھی ابر کرم برسنے کی نوید سنادی۔گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران کوئٹہ اورسبی میں آٹھ ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔ جبکہ سب سے زیادہ درجہ حرارت دادو میں اڑتالیس ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔ شہید بینظیر آباد، جیکب آباد میں سینتالیس ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔