|
برطانوی وزیروں کی بدعنوانیاں
15.05.2009, 01:04am , جمہ (GMT+1)
صفدر ھمدانی ۔لندن
برطانوی پارلیمان کی تمام اہم سیاسی جماعتوں کے متعدد اراکین کے بارے میں پارلیمانی اخراجات ناجائز طور پر وصول کرنے کے ہفتے بھر سے ہونے والے انکشافات تھمنے کو نہیں آ رہے اور برطانوی وزیر اعظم گورڈن براؤن کی طرف سے حکمران لیبر پارٹی کے ایک رکن اورسابق وزیر ایلیٹ مورلے کی رکنیت معطل کر دی ہے ان پر الزام ہے کہ انہوں نے پارلیمانی اخراجات کے زمرے میں اس قرضے کے لیے رقم وصول کی جو وہ پہلے ہی ادا کر چکے تھے۔
ابھی یہ شاخسانہ ختم نہیں ہوا کہ برطانیہ کے ایک موقر انگریزی روزنامے ڈیلی ٹیلیگراف نے ایک اور انکشاف کیا ہے کہ برطانوی کابینہ کے پہلے مسلمان وزیر مملکت برائے عدل و انصاف شاہد ملک نے بھی تین سال کے عرصے میں لند ن میں اپنے دوسرے گھر کے ضمن میں کوئی ایک لاکھ ڈالر وصول کیئے ہیں۔شاہد ملک کا استدلال ہے کہ یہ ادائگیاں ناجائز نہیں تھیں کیونکہ وہ اپنا زیادہ وقت اپنے گھر سے تین سو کلومیٹر دور اپنے حلقہ انتخاب میں گزارتے ہیں۔اخبار نے کہا ہے کہ شاہد ملک کی حاصل کردہ رقوم میں ہوم سینما کے بھی چار سو ڈالر شامل ہیں جنکا نصف پہلے ہی ادا ہو چکا تھا۔
اس نئے انکشاف سے قبل برطانوی وزیر اعظم گورڈن براؤن نے حکمران لیبر پارٹی کے ایک رکن سابق وزیر ایلیٹ مورلے کی رکنیت معطل کر دی ہے ان پر الزام ہے کہ انہوں نے پارلیمانی اخراجات کے زمرے میں سولہ ہزار پاونڈ اس قرضے کے لیے رقم وصول کی جو وہ پہلے ہی ادا کر چکے تھے۔ وزیر اعظم نے پارٹی کو مزید خفت سے بچانے کے لیئے یہ فوری کاروائی کی ہے لیکن معلوم ہوتا ہے کہ شاہد ملک کے بارے میں نئے انکشاف نے انکی اس کوشش کو بظاہر رائیگاں بنا دیا ہے۔
وزیر اعظم نے کہا کہ اس ضمن میں بے قاعدگیوں سے سختی سے نمٹا جائے گا اور اس نظام میں اس طرح اصلاحات کی جائیں گی کہ عوام کا عتماد بحال ہو سکے۔جان مان نے ایسی پارلیمانی ادائیگیوں کے نظام میں اصلاحات کی تحریک چلائی ہوئی ہے اور اب انہوں نے ایلیٹ مورلے سے مطالبہ کیا ہے وہ پارلیمان میں اپنی نشست چھوڑ دیں۔ ایلیٹ مورلے کا کہنا ہے کہ انہوں نے جان بوجھ کر یہ رقم وصول نہیں کی تھی بلکہ ایک غلطی تھی تا ہم انہوں نے سولہ ہزار پاؤنڈ واپس کر دیئے ہیں۔لیبر پارٹی کے ڈپٹی لیڈر کا کہنا ہے کہ اس واقعے سے پارلیمان کی ساکھ کو نقصان پہنچا ہے۔
ادھر حزب مخالف کی بڑی جماعت کنزرویٹو پارٹی کے رہنما ڈیوڈ کیمرون نے زائد اخراجات کے کلیمز کے مجرم سینئر ٹوریز کا نام لے کر ان کی مذمت کی ہے اور ان کو حکم دیا ہے کہ وہ ٹیکس دہندگان کی رقم واپس کریں۔ انہوں نے پارلیمنٹ ہاؤس میں ویسٹ منسٹر پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے شیڈو کیبنٹ منسٹرز ارکان کے نام لئے جن میں ان کے قریب ترین ساتھی بھی شامل ہیں جو برطرفی کے بجائے الاؤنس کی رقم واپس کرنے پر آمادہ ہوگئے ہیں۔
انہوں نے پارٹی سے نکال دینے کی وارننگ کے ساتھ کلیمز کے بارے میں فیصلے کے لئے نئے داخلی سکروٹنی پینل کے قیام کا اعلان کیا جن ارکان نے زائد اخراجات کے کلیمز کئے وہ پینل کے سامنے پیش ہوں گے۔ ورنہ پارٹی سے خارج کردیئے جائیں گے۔ ڈیوڈ کیمرون نے خود کو بھی نہیں بخشا اور 8 سال کے دوران اپنے واحد مینٹی نینس کلیم کی واپسی کا وعدہ کیا۔ انہوں نے رکن پارلیمنٹ کی حیثیت میں آکسفورڈ شائر کے حلقے میں اپنے گھر کی مرمت کے لئے 680 پونڈ کا کلیم کیا تھا۔ انہوں نے رقم کی واپسی کے لئے شیڈو منسٹرز کی جو فہرست تیار کی اس میں سر فہرست چلڈرن سیکرٹری مائیکل گلوو ہیں جو 7 ہزار اور شیڈو لیڈر آف ہاؤس ایلن ڈنکن 5 ہزار پونڈ واپس کریں گے۔
|