اسلام آباد پولیس کی درخواست پر سول جج جواد حسین نے پولیس اہلکار کو تشدد کا نشانہ بنانے پرسابق چیئرمین سینیٹ نیئرحسین بخاری اور انکے بیٹے جرار بخاری کے وارنٹ گرفتاری جاری کردیئے۔تھانہ مارگلہ پولیس کی درخواست پرسول جج جواد حسین نے سابق چیئرمین سینیٹ اور پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما نیئر حسین بخاری اور انکے صاحبزادے جرار بخاری کے وارنٹ گرفتاری جاری کردیئے ہیں۔
ذرائع کے مطابق نیئر بخاری کےوارنٹ گرفتاری کے لئے مقدمے کے تفتیشی افسر نے مقامی عدالت میں درخواست دائر کی تھی ۔جس پر پولیس حکام کا کہنا ہے کہ عدالت سے وارنٹ ملتے ہی عدالتی حکم کی تعمیل کرائی جائے گی۔
ادھر پولیس ذرائع نے دعویٰ کیا ہے کہ سینٹ کے سابق چیئرمین ہونے کی وجہ سے نیئر حسین بخاری کی گرفتاری کے لئے عدالت سے اجازت لی گئی ہے۔ اس کے علاوہ ایف آئی ار میں نیئر حسین بخاری کو نامزد کیا گیا ہے، جبکہ ان کے ساتھ موجود تھپڑ مارنے والے شخص کو ان کے بیٹے جرار بخاری کے طور پر شناخت کیا گیا ہے۔