٭8 مئی 1938ء پاکستان کے مشہور ٹیسٹ کرکٹر اور قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان جاوید برکی کی تاریخ پیدائش ہے۔
جاوید برکی نے اپنے ٹیسٹ کیریئر میں 25 ٹیسٹ میچ کھیلے اور 4 سنچریوں کی مدد سے 1341 رنز اسکور کیے۔ جاوید برکی کے دو کزنز ماجد خان اور عمران خان بھی پاکستان کی جانب سے ٹیسٹ کرکٹ کھیل چکے ہیں
-----------------------------------------------------------------------------------------------------
گل محمد کی وفات
٭8 مئی 1992ء کو پاکستان کے مشہور ٹیسٹ کرکٹر گل محمد لاہور میں وفات پاگئے اور میانی صاحب کے قبرستان میں آسودۂ خاک ہوئے۔
گل محمد 15 اکتوبر 1921ء کو لاہور ہی میں پیدا ہوئے تھے۔ وہ نہ صرف ان تین کھلاڑیوں میں شامل تھے جنہوں نے ٹیسٹ کرکٹ میں بھارت اور پاکستان دونوں ممالک کی نمائندگی کی بلکہ وہ پاکستان کے واحد کھلاڑی تھے جنہوں نے بھارت کی طرف سے پاکستان کے خلاف بھی ٹیسٹ میچ کھیلا تھا۔
گل محمد پاکستان کی جانب سے ٹیسٹ کیپ حاصل کرنے والے 24 ویں کھلاڑی تھے۔ انہوں نے اپنے کیریئر میں مجموعی طور پر 9 ٹیسٹ میچ کھیلے جن میں سے 8 ٹیسٹ میچ بھارت کی جانب سے اور ایک ٹیسٹ میچ پاکستان کی جانب سے کھیلا گیا تھا۔
گل محمد بائیں بازو سے کھیلنے والے مڈل آرڈر بیٹسمین اور میڈیم پیس بائولر تھے۔ انہوں نے بھارت کی جانب سے کھیلے گئے ٹیسٹ میچوں میں مجموعی طور پر 166 رنز اسکور کئے اور 2 وکٹیں حاصل کیں جبکہ پاکستان کی جانب سے کھیلے گئے واحد ٹیسٹ میچ میں انہوں نے 39 رنز اسکور کئے اور کوئی وکٹ حاصل نہیں کی
-----------------------------------------------------------------------------------------------------
آصف علی کی وفات
٭8 مئی 2010ء کو پاکستان کے مشہور غزل گائیک آصف علی کراچی میں وفات پاگئے۔ ان کا شمار ان گلوکاروں میں ہوتا تھا جنہوں نے گیت اور غزل گائیکی کو اپنی شناخت بنایا۔ ان کے گائے ہوئے گیتوں اور غزلوں میں اب کے سال پونم میں جب تو آئے گی ملنے، دروازہ کھلا رکھنا اور دیواروں سے باتیں کرنا اچھا لگتا ہے سرفہرست تھیں۔ وفات کے وقت ان کی عمر 60 سال کے لگ بھگ تھی
-----------------------------------------------------------------------------------------------------