پاکستان تحریک انصاف آج پشاور میں سیاسی شو کا اہتمام کرے گی۔ جلسے سے چیئرمین تحریک انصاف عمران خان خطاب کریں گے۔ جلسے کی تمام تر تیاریاں مکمل کرلی گئی ہیں۔
خیبر پختونخوا اسمبلی کی نشست پی کے 8 کے ضمنی الیکشن کی مہم کے لیے تحریک انصاف آج پشاور میں واقع نادرن بائی پاس سیاسی جلسہ کرے گی۔ تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان سمیت دیگر رہنما جلسے سے خطاب کریں گے۔ تحریک انصاف کی جانب سے جلسے کی تیاریاں مکمل کرلی گئی ہیں۔تحریک انصاف انتظامیہ کی جانب سے جلسے کیلئے 30 فٹ اونچا اسٹیج بنایا گیا ہے اور شرکاء کیلئے کثیر تعداد میں کرسیاں بھی لگا دی گئی ہیں۔ ذرائع کے مطابق جلسے سے خطاب کے لیئے چیئرمین تحریک انصاف عمران خان آج کسی بھی وقت پشاور پہنچ جائیں گے۔
ذرائع نے اس بات کی بھی تصدیق کی ہے کہ لاہور اور اسلام آباد کے جلسوں میں خواتین سے بدتمیزی کے واقعات کے پیش نظر تحریک انصاف کی قیادت نے آج کے جلسے میں خواتین کو مدعو نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔دوسری جانب ذرائع کا یہ بھی کہنا ہے کہ تحریک انصاف کے جلسوں میں موسیقی کا رنگ بکھیرنے والے ڈی جے بٹ کی بھی چھٹی کرادی گئی ہے۔ پشاور جلسے میں ڈی جے بٹ کے بجائے ساہیوال سے تعلق رکھنے والے ولی سنز موسیقی کا تڑکا لگائیں گے۔ ولی سنز نے جلسے کے لیے 200 سے زائد اسپیکرز نصب کردیئے ہیں۔