چیئرمین پیمرا ابصار عالم کا کہنا ہے کہ کچھ غیر ذمہ دار لوگوں کی وجہ سے میڈیا کی ساکھ متاثر ہو رہی ہے۔ چاہتے ہیں میڈیا انڈسٹری ترقی کرے۔ ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی برداشت نہیں کی جائے گی۔۔۔انہوں نے خواہش کا اظہار کیا کہ پیمرا آزاد ادارے کے طور پر کام کرے۔
لاہور پریس کلب میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے چیئرمین پیمرا ابصار عالم نے کہا کہ وہ بھی ایک صحافی ہیں۔ ان کے لئے میڈیا کو چھوڑنا بہت مشکل تھا۔ کچھ غیر ذمہ دار لوگوں کی وجہ سے میڈیا کی ساکھ مجروح ہوئی لیکن کوشش ہے کہ میڈیا کی ساکھ کو بحال کیا جائے۔
ابصار عالم نے کہا کہ پانچ ماہ میں ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کرنے پر مختلف ٹی وی چینلز کو چالیس ایڈوائزز، تیرہ انتباہ، اٹھارہ شوکاز نوٹسز جاری کرنے کے ساتھ ساتھ پینتس لاکھ روپے کاجرمانہ کیا گیا۔ انہوں نے بتایا کہ پیمرا کی چودہ سالہ تاریخ میں پہلی دفعہ جرمانہ وصول بھی کیا گیا،ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر کارروائی پیمرا کا حق ہے۔ چیئرمین پیمرا کا کہنا تھا کہ حکومت کو چاہیئے کہ میڈیا صحافیوں کو دھمکانے والے افراد کے خلاف کاروائی کرے۔