کورنگی کے انڈسٹریل ایریا میں قائم ایک فیکٹری کے کیمیکل ٹینک میں گر کر 5 مزدور ہلاک جبکہ متعدد شدید زخمی ہوگئے۔
ڈان نیوز کے مطابق واقعہ کورنگی انڈسٹریل ایریا میں ویٹا چورنگی کے قریب قائم پلاسٹک بیگ بنانے والی فیکٹری میں پیش آیا، جہاں متعدد مزدور صفائی کے دوران کیمیکل سے بھرے ٹینک میں گر گئے تھے، جس میں موقع پر ہی 3 مزدور ہلاک ہوگئے۔
واقعے کے فوری بعد مزدروں کو نکالنے کے لیے ریسکیو کے عمل کا آغاز کیا گیا، جس میں دیگر 5 متاثرہ مزدوروں کو نکال کر ہسپتال منتقل کیا جارہا تھا کہ مزید دو مزدور راستے میں دم توڑ گئے۔
ہسپتال منتقل کیے جانے والے دیگر 3 مزدوروں کی حالت تشویشناک بتائی جارہی ہے۔
ذرائع کے مطابق مزدور صفائی کے دوران جس ٹینک میں گرے تھے اس میں زہریلا کیمیکل موجود تھا، جس سے وہ متاثر ہوئے۔
ذارئع کا مزید کہنا تھا کہ فیکٹری میں کام کرنے والے مزدروں کے لیے حفاظتی انتظامات نہیں کیے گئے تھے جس کے باعث ہلاکتیں ہوئیں۔
خیال رہے کہ پاکستان میں فیکٹری میں کام کرنے والے مزدوروں کی حفاظت کے لیے انتظامات نہ ہونے کے برابر ہیں جس کے باعث اکثر اس قسم کے حادثات رونما ہوتے رہتے ہیں۔