تحریک انصاف کے رہنما چوہدری محمد سرور کا کہنا ہے کہ کرپشن کی وجہ سے ملک کی بنیادیں ہل گئی ہیں، جبکہ کرپٹ لوگوں کو اسمبلیوں میں نہیں جیلوں میں ہونا چاہیے۔ حکومت اور اپوزیشن کرپٹ لوگوں کے خلاف نظام مرتب کرے۔
فیصل آباد جلسے میں شرکت کے لئے روانگی سے قبل لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے چوہدری محمد سرور کا کہنا تھا کہ کرپٹ سیاستدانوں نے ملک کو لوٹا ہے، جبکہ تحریک انصاف کی جنگ کرپشن کے خلاف ہے۔ جس نے ملک کو لوٹا ہے اس کو کٹہرے میں لایا جائے۔
کاشتکار معاشی طور پر تباہ ہو گیا ہے ان کے مسائل حل کیے جائیں۔چوہدری محمد سرور کا کہنا تھا کہ لوٹی ہوئی دولت پاکستان واپس لائی جائے تو بے روزگاری ختم ہوسکتی ہے، قوم اب کرپشن کے خلاف متحد ہوجائے۔ ایک سوال پر چوہدری محمد سرور کا کہنا تھا کہ سیاسی پارٹیوں میں اختلافات ہوتے رہتے ہیں یہ جمہوریت کا حسن ہے۔