مقدونیہ اور یونان کی سرحد پر واقع ایڈومینی مہاجر کیمپ اب مکمل طور پر خالی کروا لیا گیا ہے۔ ایتھنز حکومت نے اس سلسلے میں میڈیا میں سامنے آنے والی رپورٹوں کی تصدیق کر دی ہے اور پولیس کی کارروائی کو مثالی قرار دیا ہے۔
شہریوں کے تحفظ کے ذمہ دار وزیر نیکوس توسکاس نے یونانی ٹیلی وژن پر کہا کہ کیمپ کو خالی کروانے کی کارروائی کے دوران طاقت استعمال نہیں کی گئی۔
ذرائع ابلاغ کے نمائندوں کو انخلاء کی اس کارروائی کے ایک روز بعد آج اس کیمپ میں داخل ہونے کی اجازت دی گئی تھی۔ گزشتہ چند روز کے دوران ہزارہا مہاجرین کو دیگر کیمپوں میں منتقل کر دیا گیا تھا۔ بہت سے مہاجرین آخری وقت تک کہیں اور منتقلی کے خلاف مزاحمت کرتے رہے۔