شمالی افریقی شورش زدہ ملک لیبیا کے لیے مقرر خصوصی مندوب مارٹن کوبلر نے پیر کے روز سفارت کاروں کے ساتھ ایک میٹنگ میں شریک ہونے کے بعد کہا کہ لیبیا کے متحارب گروپوں کو آپس میں لڑنے کے بجائے ’اسلامک اسٹیٹ‘ کے خلاف مشترکہ عسکری کوششیں کرنا چاہیے۔
پیرس میٹنگ میں اقوام متحدہ کی حمایت یافتہ یونٹی حکومت کی فوج کے لیے مزید عسکری قوت فراہم کرنے پر غور کیا گیا۔ دوسری جانب یونٹی حکومت کی فوج ’اسلامک اسٹیٹ‘ کے زیر کنٹرول علاقوں کے نواح کی جانب بڑھ رہی ہے۔ کوبلر کے مطابق لیبیا کے مسلح تنازعے کا ایک بڑا حل ’اسلامک اسٹیٹ‘ کو شکست دینا ہے۔ انہوں یونٹی حکومت کے ڈھانچے کو تنازعے کے حل کے لیے مؤثر قرار دیا ہے۔