برطانوی ماہر طبیعیات اسٹیفن ہاکنگ نے اپنے ہم وطنوں کو آئندہ یورپی یونین چھوڑنے کے خلاف خبردار کیا ہے۔ برطانوی ٹی وی چینل آئی ٹی وی سے باتیں کرتے ہوئے ہاکنگ نے کہا، وہ دَور لَد چکا، جب کوئی اکیلے ہی ساری دنیا کے مقابلے پر کامیابی حاصل کر سکتا تھا۔
انہوں نے کہا کہ برطانیہ کو اپنی سلامتی کے لیے اور تجارت کے لیے بھی قوموں کے ایک بڑے گروپ کا حصہ ہونا چاہیے۔ برطانیہ میں تئیس جون کو مجوزہ ریفرنڈم میں رائے دہندگان یورپی یونین میں شامل رہنے یا اس سے برطانیہ کے اخراج کے حق میں ووٹ دیں گے۔ رائے عامہ کے جائزوں کے مطابق دونوں دھڑوں کے حامیوں کی پوزیشن مضبوط دکھائی دے رہی ہے اور اُن کے درمیان کانٹے کا مقابلہ ہو گا۔