یورو کپ فٹ بال کے سنہ 2016 کے یورو کپ فٹ بال کے پہلے کوارٹر فائنل میں پرتگال نے پولینڈ کو پینلٹی ککس پر شکست دے دی ہے۔
دونوں طرف سے پہلی تین ککس پر گول ہوئِے اور میچ برابر رہا۔ لیکن پولینڈ کی طرف سے چوتھی کک پرتگال کے گول کیپر روی پیٹرسیو نے روک لی اور پرتگال نے اپنی پانچویں کک پر بھی گول کر کے میچ جیت لیا۔
سیمی فائل میں پرتگال کا مقابلہ ویلز اور بیلجیئم کے درمیان کوارٹر فائنل کی فاتح ٹیم سے ہوگا۔
میچ کے پہلے ہاف میں مقابلہ ایک ایک گول سے برابر رہا اور پھر اضافی تیس منٹ میں بھی دونوں ٹیمیں مزید گول نہ کر سکیں اور فیصلہ پانچ پانچ پنالٹی پر چلا گیا۔
جمعرات کی شام جب فرانس کے جنوبی ساحلی شہر مارسے کے سٹیڈ ویلوڈروم کے میدان میں پرتگال اور پولینڈ آمنے سامنے ہوئے شائقین کے خیال میں یہ میچ رئیل میڈرڈ کلب کے مشہور فارورڈ کرسٹینو رونالڈو اور پولینڈ اور بائن میونخ کے سٹرائیکر رابرٹ لوانڈوسکی کے درمیان ایک مقابلہ تھا۔
میچ سے قبل یہ دونوں مشہور سٹرائیکر اپنے اپنے کلبوں کی جانب سے گذشتہ سیزن میں مشترکہ طور پر 93 گول کر چکے تھے۔