امریکی محکمہ دفاع نے مسلح افواج میں خواجہ سراؤں کی بھرتی پر عائد پابندی ختم کردی۔ خواجہ سرا امریکی فوج میں اب کھلے عام خدمات انجام دے سکیں گے۔اس بات کا اعلان امریکی وزیردفاع ایشٹن کارٹر نے ورجینیا میں پریس کانفرنس کے دوران کیا ۔
انہوں نے کہا کہ ہم ایسی پالیسیوں کوختم کر رہے ہیں جن کے ذریعے خواجہ سراؤں سے ان کی صلاحیتوں کے بجائے صنفی شناخت کے ذریعے برتاؤ کیا جاتا ہے ۔ پینٹاگون تین ماہ کےدوران خواجہ سراؤں کی ملازمت کی شرائط اور طبی رہنمائی سے متعلق گائیڈ بک تشکیل دے گا ۔
اس سے قبل امریکی فوج میں خواجہ سراؤں کو اپنی شناخت کے ساتھ ملازمت کرنے پر پابندی عائدتھی۔ نئی پالیسی کے تحت اب خواجہ سرا ملازمت کے دوران اپنی شناخت ظاہر کر سکیں گے اور ان کے لیے دستیاب طبی سہولیات کا معیار طے کیا جائے گا۔
خواجہ سراؤں نے پینٹاگون کے فیصلے کو سراہتے ہوئے پابندی ختم کرنے پر خوشی کا اظہار کیا ہے ۔