مشیر خارجہ سرتاج عزیز کا کہنا ہے کہ بھارت اپنے ہتھیاروں میں اضافہ کرے گا تو ہم خاموش نہیں رہیں گے، پاکستان بھارت کے جوہری اور دیگر ہتھیاروں میں اضافے کی مخالفت کرے گا۔
مشیر خارجہ سرتاج عزیز کا غیرملکی خبرایجنسی سے بات کرتے ہوئے کہنا ہے کہ پاکستانی افواج نے دہشت گردوں کے خلاف بلاامتیاز کاروائیاں کیں، دہشت گردی کے خلاف جنگ میں گذشتہ تین برس میں ہم نے بڑی کامیابیاں حاصل کی ہیں۔
غیرملکی خبرایجنسی سے بات کرتے ہوئے سرتاج عزیز کا کہنا تھا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان نے گذشتہ تین سالوں میں بڑی کامیابیاں حاصل کی ہیں، پاکستان فوج نے دہشت گردوں کے خلاف بلا تفریق آپریشن کیا، ہمیں دہشت گردوں کے خلاف فیصلہ کن انداز میں آگے بڑھنا ہے اور دہشت گردوں کی جانب سے جوابی کارروائیوں کے خلاف بھی مؤثر اقدامات کرنے ہیں۔
پاک امریکا تعلقات پر ان کا کہنا تھا کہ پاکستان اور امریکا کے تعلقات کشیدہ نہیں ہیں، تعلقات درست سمت میں جارہے ہیں، دونوں ممالک کے درمیان کچھ اختلافات ہیں لیکن کوئی بڑاتنازع نہیں ہے۔
اس سے قبل بھارتی میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئےمشیر خارجہ سرتاج عزیز کا کہنا ہے کہ بھارت مختلف بہانوں سے مذاکرات کو ملتوی کررہا ہے، بھارت سمیت تمام پڑوسیوں سے تعلقات اچھے کرنا ہماری ترجیحات میں شامل ہے۔
بھارتی میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سرتاج عزیز کا کہنا تھا کہ پڑوسیوں سے تعلقات بہتر بنائے بغیر معاشی مقاصد حاصل نہیں کیے جاسکتے، پاکستان بھارت سمیت تمام پڑوسیوں سے بہتر تعلقات چاہتا ہے لیکن بھارت مختلف بہانوں سے مذاکرات ملتوی کر رہا ہے، پٹھان کوٹ واقعے کے بعد بھارت نے مذاکرات کو عمل ملتوی کردیا۔
انہوں نے کہا کہ اس سے قبل پاکستانی ہائی کمشنر کے کشمیری رہنماؤں سے ملنے کو وجہ بنا کر دونوں ممالک کے خارجہ سیکریٹریز کی ملاقات نہیں ہو سکی، مذاکرات کا دوبارہ نہ شروع ہونا ہی مسئلہ ہے، ہم نے باہمی تعلقات بحال کرنے،سرحدوں پرامن اور تجارتی سرگرمیوں کو جاری رکھنے کی کوششیں کیں، اگر ہمارے تعلقات اچھے نہیں ہوں گے تو یہ معاملات ٹھیک نہیں ہوسکتے۔
سرتاج عزیز نے یہ بھی کہا کہ پاکستان اور بھارت کو مذاکرات کرنے چاہئیں اور معاشی اور غیر معاشی معاملات میں بھی اپنے تعلقات کو بہتر کرنے کی کوشش کرنی چاہیے