مشرقی یوکرائن میں امن کے قیام میں مزید پیش رفت کے مطالبے کے بعد یورپی یونین نے اگلے برس جنوری کے آخر تک روس پر اقتصادی پابندیوں میں مزید توسیع کردی۔
خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق منسک امن معاہدوں کے نفاذ کے تعین کے بعد کونسل نے مزید 6 ماہ یعنی 31 جنوری 2017 تک روس پر اقتصادی پابندیوں میں توسیع کا فیصلہ کیا ہے'۔
واضح رہے کہ یورپی یونین اور امریکا نے جولائی 2014 میں مشرقی یوکرائن میں باغیوں کی حمایت کرنے پر روس کے دفاعی، توانائی اور مالیاتی شعبوں پر پابندیاں عائد کردی تھیں۔
جس کے جواب میں ماسکو نے یورپی یونین کی فارم برآمدات پرپابندی عائد کردی اور ساتھ ہی باغیوں کی براہ راست پشت پناہی کے الزامات سے بھی انکار کردیا تھا۔
یاد رہے کہ روس کی جانب سے کریمیا کو باقاعدہ طور پر رشیئن فیڈریشن میں شامل کرنے کے بعد ہزاروں روسی فوجیوں کو یوکرائن کی مشرقی سرحدوں پر تعینات کیا گیا تھا، اس موقع پر امریکی اور یورپی رہنماؤں نے ماسکو کو خبردار کیا کہ وہ یوکرائن میں فوجی مداخلت سے باز رہے، تاہم روس کا موقف تھا کہ وہ یوکرائن میں موجود روسی زبان بولنے والوں کے تحفظ کو یقینی بنائے گا۔