امریکی خبررساں ایجنسی اے پی کے مطابق وسطی بغداد کے کارادا ضلع میں کار میں نصب بارودی مواد پھٹنے سے 78 افراد ہلاک اور 160 زخمی ہو گئے۔
دوسرا دھماکا مشرقی بغداد میں پیش آیا جہاں ایک دیسی ساختہ بم پھٹنے سے 5 افراد ہلاک اور 16 زخمی ہوئے۔
فرانسیسی خبر رساں ایجنسی اے ایف پی کے مطابق داعش نے آن لائن بیان میں ان حملوں کی ذمئے داری قبول کر لی ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ پہلادھماکا بغداد کی ایک مصروف مارکیٹ میں ہوا،دھماکے کے بعد مارکیٹ میں واقع کئی دکانوں میں آگ لگ گئی، زخمیوں کو ایمبولنس کے ذریعے ہسپتال منتقل کیا گیا، عراقی وزارت داخلہ کے مطابق مارکیٹ میں ہونے والے دھماکے کی ذمہ داری داعش نے قبول کر لی ہے۔
واضح رہے کہ عید قریب ہونے کی وجہ سے عراق کی مارکیٹوں میں بھی خریداروں کا بے پناہ رش ہے، شدت پسند تنظیم داعش عراق کے مختلف علاقوں پر قابض ہے تاہم حالیہ دنوں میں عراقی سیکیورٹی فورسز نے کئی علاقے داعش سے واپس لینے کا دعویٰ کیا تھا۔