عمران خان کا20 جولائی کے بعد حکومت کے خلاف تحریک چلانے کا اعلان
چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے بیس جولائی کے بعد حکومت کے خلاف تحریک چلانے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ پانامالیکس کی تحقیقات کے معاملے پر پیچھے نہیں ہٹیں گے اور جب تک وزیراعظم کا احتساب نہیں ہوگا،تحریک جاری رہے گی
۔لاہور میں چیئرمین سیکرٹریٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عمران خان نے کہنا تھا کہ سب سے پہلے وہ اپنے آپ کو احتساب کیلئے پیش کرتے ہیں، پاناما لیکس پر وزیراعظم کی کرپشن واضح ہوچکی ہے، اگر وزیر اعظم کا احتساب نہیں ہوگا، تو کسی چور اور ڈاکو کا بھی احتساب نہیں ہوپائے گا۔صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے پی ٹی آئی سربراہ نے دعویٰ کیا کہ پاکستان کو سب سے زیادہ نقصان منی لانڈرنگ، ٹیکس چوری اور کرپشن نے پہنچایا ہے، جبکہ وزیراعظم کو غلط فہمی ہے کہ ملک میں جمہوریت ہے، بلکہ ملک میں بادشاہت ہے۔
انکا کہنا ہے کہ حکومت مخالف تحریک چلانے کیلئے نیا تنظیمی ڈھانچہ بنارہے ہیں۔ادھر میڈیا سے گفتگو کرتے ہونے انہوں نے صحافیوں کو بتایا کہ خیبر پختونخوا میں فرقہ واریت کے خاتمے کیلئے وزیراعلیٰ پرویز خٹک کو ایپکس کمیٹی کا اجلاس بلانے کی ہدایت کردی ہے۔ انکا کہنا ہے کہ مدارس کے بیس ہزار طلباء کو قومی دھارے میں لانے کی ضرورت ہے، جبکہ مدارس کو پیسہ دینے کا معاملہ کے پی کے حکومت کا ہے، جس پر وہ خود جواب دیں گے۔